354

سرکاری عازمین حج کو سبسڈی دینے کا فیصلہ

اسلام اباد۔وفاقی حکومت نے سرکاری حج سکیم کے تحت فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے جانے والے عازمین کیلئے3ارب 50کروڑ روپے سے زائد سبسڈی دینے کا فیصلہ کر لیا ہے ،امسال سعودی حکومت کی جانب سے حج سروسز پر عائد 5فیصد ٹیکس عازمین سے لینے کی بجائے وفاقی حکومت ادا کر ے گی اور اس مد میں سعودی حکومت کو فی حاجی 32ہزار روپے ٹیکسوں کی مد میں ادا کئے جائیں گے۔

وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے اپنے دور کے اخری حج میں سرکاری سطح پر فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے جانے والے عازمین کو سہولیات فراہمی کیلئے خصوصی سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے امسال سعودی حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹ اور حج سروسز پر 5 فیصد ٹیکس کے نفاذ کے بعد سعودی وزارت حج نے پاکستان سے جانے والے عازمین کی مد میں فی حاجی 50ہزار روپے سے زائد ادا کرنے کا مطالبہ کیا تھا تاہم وزارت کے اعلی افسران اور سعودی وزارت حج کے مابین ہونے والے مذاکرات کے نتیجے میں فی حاجی سروسز ٹیکس32ہزار روپے پر دونوں جانب سے آمادگی ظاہر ہونے کے بعد معاہدہ کر لیا گیا تھا ۔

ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور کی جانب سے وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کو حج بارے بریفنگ کے موقع پر وزیر اعظم نے سرکاری عازمین پر عائد ہونے والا ٹیکس قومی خزانے سے جمع کرانے کے احکامات جاری کر دئیے تھے اور اگر سرکاری حج سکیم کے تحت 67 فیصد حجاج سرکاری سطح پر فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے جاتے ہیں تو حکومت سبسڈی کی مد میں 3ارب 84کروڑ روپے ادا کرنے ہونگے ذرائع کے مطابق وزارت کی جانب سے ڈالر کی قیمتوں میں اضافے اور سروسز ٹیکس عائد کرنے کے حوالے سے حکومت کو سرکاری حج مہنگی کرنے کی تجویز بھی دی گئی تھی تاہم اس تجویز کو رد کر دیا گیا ۔