230

مردان یونیورسٹی میں منی اولمپکس کا افتتاح

مردان۔ صوبائی وزیر تعلیم و توانائی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ نوجوان قوم و ملک کا بیش قیمت سرمایہ ہے اگر ان کی صحیح سمت میں رہنمائی کی جائے تو وہ ملک کا مستقبل بدل سکتے ہیں ۔ اور طلباء کو نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کیساتھ ساتھ شعبہء تحقیق پر بھی بھر پور توجہ دینی چاہیے ۔ وہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی مردان میں منی اولمپکس کی افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ 

اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر یو ۔ای۔ ٹی مردان ڈاکٹر عمران خان، فیکلٹی ممبرز، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اعجاز خان، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر انصار خان اور دیگر موجود تھے۔ محمد عاطف خان نے مشعل جلا کر منی اولمپکس 2018کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔ جسمیں یونیورسٹی کی 16ٹیمیں مختلف مقابلوں میں حصہ لے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد عاطف خان نے کہا کہ انجینئرنگ یونیورسٹی مردان پشاور کے بعد صوبے کی دوسری سرکاری یونیورسٹی ہوگی جسکا قیام عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے لئے 3ارب 70کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے جو کہ آئندہ اے ڈی پی میں شامل ہے ۔ 

صوبائی وزیر نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ آپ لوگوں کا حق ہے اور یہی پیسے آپ لوگوں پر خرچ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ قومیں ترقی کرتی ہیں جنکی بنیادی ترجیح تعلیم ہو۔ محکمہ تعلیم کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے تعلیم کو اولین ترجیحات میں شامل کیا اور آج الف اعلان کے رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا ملک کا واحد صوبہ ہے جو کہ یونیسکو کی رپورٹ کے مطابق اپنے بجٹ کا 20فیصد حصہ تعلیم پر خرچ کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے تعلیم کے سابقہ دور کے بجٹ 63ارب روپے کو 137ارب روپے تک پہنچا کر اس میں 118فیصد اضافہ کیا اسی طرح رپورٹ کے مطابق ہمارے میرٹ پر اساتذہ بھرتی کی بھی تائید کی گئی ہے جو کہ بقایا صوبوں کیلئے ایک مثال ہے ۔ ہم نے پانچ سالہ دور حکومت میں 57ہزار اساتذہ میرٹ پر بھر تی کئے۔ جبکہ سابقہ حکومت کے پانچ سالہ دور میں صرف 7ہزار اساتذہ بھرتی کئے گئے تھے۔ 

اسی طرح ہمارے انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کی کارکردگی کی بھی پذیرائی کی گئی ہے جسکی بدولت اساتذہ اور طلباء کی حاضری یقینی بناکر نتائج میں بہتری لائی گئی ہے ۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ محکمہ تعلیم اور یونیورسٹیوں کا کام ہے لوگوں کو تعلیم دینا مگر بد قسمتی سے سابقہ ادوار کے حکمرانوں نے اپنے لوگوں کو نوکریاں دینے کیلئے تعلیم کے شعبے کو تباہ کیا اور آج یہی وجہ ہے کہ ہماری کوئی یونیورسٹی انٹرنیشنل رینکنگ میں شامل نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں تعلیم کے نظام میں میرٹ کو یقینی بنانا ہوگا۔ ہمیں تمام نوکریاں سکالرشپس اور داخلوں پر میرٹ کے مطابق بنانا ہوگا۔ تبھی ہمارے ادارے دنیا کے بہترین تعلیمی اداروں میں شامل ہوں گے۔ صوبائی وزیر نے طلباء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی سوچ بڑی رکھنی چاہیے اور پھر اسکے مطابق اتنی بڑی محنت کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور ہمیں اپنی تمام تر توجہ اداروں کو مضبوطی کے ساتھ ساتھ سسٹم کو ٹھیک کرنے اور میرٹ کی بالادستی پر دینی چاہیے۔ محمد عاطف خان نے یونیورسٹی کیلئے ایمبولینس بس، کمپیوٹر لیب، اور انٹر نیٹ سسٹم کی جلد از جلد فراہمی کا عندیہ دیا۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے یونیورسٹی انتظامیہ کو شیلڈز اور سر ٹیفیکیٹس دی۔