546

پولیس تک رسائی آسان ٗ موبائل ایپلی کیشن سسٹم کا افتتاح 

پشاور۔انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا صلاح الدین خان محسود نے ملک سعد شہید پولیس لائن میں ’’پشاور پولیس موبائل ایپلی کیشن سسٹم‘‘ کا افتتاح کردیاسسٹم کا بنیادی مقصد رپورٹنگ (ایف آئی آر)کے لئے عوام کو ٹیکنالوجی استعمال سے پبلک سروس ڈیلیوری میں معاونت فراہم کرنا ہے سسٹم کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پولیس تک فوری رسائی کو یقینی بنائے گاجبکہ عوام کسی بھی دھماکہ، حادثہ، لڑائی جھگڑے،رہزنی اور ڈاکہ کی صورت میں اس سسٹم کے ذریعے رپورٹ کراسکیں گے ۔

افتتاحی تقریب میں سی سی پی او پشاور محمد طاہرخان ٗ ایس ایس پی آپریشنز جاوید اقبال اور دیگر حکام بھی موجود تھے اس موقع پر انسپکٹر جنرل آف پولیس صلاح الدین کا کہنا تھا کہ پشاور پولیس موبائل ایپلی کیشن سسٹم ایمرجنسی کی صورت میں مختلف واقعات اور حادثات سے نمٹنے کے حوالے سے سنگ میل ثابت ہو گا پولیسنگ کے معیار کو مزید بہتر بنانے کیلئے نت نئے آئیڈیاز متعارف کرائے جارہے ہیں پولیس میں ریسرچ ، ڈویلپمنٹ اور ٹیکنالوجی کے استعمال کی بدولت رواں سال پچھلے سال کے مقابلے میں جرائم کی شرح کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پشاور پولیس (موبائل ایپ)عوام اور پولیس کے درمیان ہم آھنگی کی فضاء کو بحال کرنے اور جرائم کی بیخ کنی کے لیے موثر ثابت ہوگی کسی بھی اینڈرائیڈ موبائل فون میں پلے سٹور سے ’’ Peshawar Police ‘‘ ایپ کو ڈاؤن لوڈ کریں اور ایک بٹن دباتے ہی پولیس کو جرم کے جائے وقوعہ کا گوگل میپ پر فوراًپتہ چل جائے گاجبکہ قریبی پولیس اسٹیشن، پولیس موبائل وین اور سٹی پیٹرول کی گاڑی فوراً آپ کی مدد کے لیے پہنچ جائے گی پولیس موبائل ایپ سرکاری خزانے پر بوجھ بنے بغیر پولیس کے جوانوں نے عوام کی خدمت آوری کے لیے متعارف کرایا ہے۔