308

این اے ون بحالی ٗ اے این پی میدان میں کود پڑی

پشاور۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر حاجی غلام احمد بلوراین اے ون کی بحالی کے لیے میدان میں کو دپڑے چیف الیکشن کمشنر کے نام کھلے خط میں پشاورسے اس کی شناخت نہ چھیننے کا مطالبہ کردیا خط میں کہاگیاہے کہ پشاور کے حلقہ این اے ون کا نام تبدیل نہ کیا جائے۔

پشاور شہر کو این اے ون کسی خیرات میں نہیں ملا پشاور ایک بہت پرانا تاریخی شہر ہے لہٰذا یہ نمبر چھین کر اس کی سیاسی اہمیت اس کی افادیت اور اس کی اہمیت عزت اور مقام نہ چھینا جائے ، خیبر گیٹ آف انڈیا تھا اور اس گیٹ آف انڈیا پر پشاور سب سے پہلا شہر تھا ، جتنے بھی فاتح آئے اس راستے کے سر پر پاؤں رکھ کر گزرے اور کئی بار پشاور شہر میں لوٹ مار کا بازار گرم کئے رکھا اس کے ساتھ ساتھ جنگ آزادی میں بھی پشاور کا اپنا مقام ہے ۔

پورے ہندوستان کے صرف دو شہروں میں گولی چلی امرتسر کے جلیاں والا باغ اور پشاور کے شہر قصہ خوانی بازار میں،جس میں سینکڑوں لوگ شہید اور زخمی ہوئے ، پشاور کیلئے آپ کے پیار محبت میں کوئی شک نہیں آپ نے کافی وقت یہاں گزارا ہے ایسا لگتا ہے کہ آپ کے ارد گرد ایسی کالی بھیڑیں ہیں جو اس شہر کی اہمیت اور افادیت کم کرنا چاہتی ہیں۔

پشاور اس صوبے کا صدر مقام ہے ،اور اس کا نمبر ون ہونا ہی اس کی عزت ہے لہٰذا اس شہر سے یہ نمبر چھین کر اس کی سیاسی اہمیت ختم نہ کریں ، پشاور کی اہمیت اور افادیت و عزت کو اس کے مقام کو مد نظر رکھتے ہوئے این اے ون سے محروم نہ کیا جائے کیونکہ اس نمبر کی تبدیلی سے ملک و قوم کو تو کوئی فائدہ نہیں لہٰذا پشاور کی قربانیوں کا پاس رکھتے ہوئے اسے این اے ون ہی رہنے دیں۔