131

مہمندماربل سٹی کومکمل طور پرفعال بنانے کی ہدایت

گورنر خیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے فاٹاڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام کو مہمندماربل سٹی کومکمل طور پرفعال بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے مزیدکہاہے کہ سی پیک منصوبے کے تحت مہمند ماربل سٹی کو انڈسٹریل زون بھی ڈیکلیئر کردیاگیا ہے جس سے فاٹا کے عوام کی اقتصادی ومعاشی حالت میں بہتری آئیگی اورفاٹا بھی ترقی کرسکے گا۔

ان خیالات کا اظہار گورنرنے جمعرات کے روز مہمند ماربل سٹی کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا سکندرقیوم، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر منیراعظم، فاٹاڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹیوعالمگیرشاہ اوردیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ 

گورنر کو اس موقع پر مہمند ماربل سٹی میں جاری تعمیراتی کام کے پیش رفت سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ گورنرنے کہاکہ مقامی وسائل سے استفادہ پر مبنی یہ منصوبہ علاقہ کی تعمیر وترقی، روزگار کی فراہمی اور معاشی استحکام کیلئے بہت اہمیت رکھتاہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ماربل سٹی میں جاری تعمیراتی کام کو فوری طور مکمل کرکے اسے بھرپور طریقے سے فعال کیاجائے۔