119

حلقہ بندیاں‘ الیکشن کمیشن کو خیبرپختونخوا سے بھی اعتراضات موصول

اسلام آباد ۔ الیکشن کمیشن کو نئی انتخابی حلقہ بندیوں پر سندھ سے 20، پنجاب اور اسلام آباد سے 25 اور خیبرپختونخوا سے7 اعتراضات موصول ہوئے ہیں، کمیشن کو اب تک مجموعی طور پر 52 اعتراضات موصول ہوئے ہیں۔ 

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کو شکارپور، گھوٹکی، خیرپور، میرپور خاص اور تھرپارکر سے یہ اعتراضات موصول ہوئے ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم نے صوبائی حلقہ پی ایس 57 تھرپارکر کی نئی حلقہ بندی کے حوالہ سے اپنا اعتراض جمع کرایا ہے۔ قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 198، این اے 199، این اے 204، این اے 205، این اے 208، این اے 221، این اے 222 کی نئی حلقہ بندیوں پر اعتراضات جمع کرائے گئے ہیں۔ 

اس کے علاوہ صوبائی اسمبلی کے حلقوں پی ایس 7، 8، 9، پی ایس 26 سے 32، پی ایس 33 سے 36، پی ایس 50، 54، 55، 56، 57 کی نئی حلقہ بندیوں پر بھی اعتراضات جمع کرائے گئے ہیں۔ پنجاب اور اسلام آباد سے 25، خیبرپختونخوا سے 7 جبکہ بلوچستان سے ابھی تک کوئی اعتراض داخل نہیں کیا گیا۔