103

پاکستانی سفارتکاروں کی ہراسمنٹ کے ثبوت بھارت کے حوالے

اسلام آباد۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ بھارت میں پاکستانی سفارت کاروں کی ہراسگی کے شواہد بھارت کو فراہم کردیئے ہیں،پاکستان میں اب دہشت گردوں کا کوئی منظم وجود نہیں ہے،امریکا انٹیلی جنس معلومات فراہم کرے تو کارروائی کریں گے۔

وزیراعظم نے امریکا کے نجی دورے میں امریکی نائب صدرمائیک پینس سے ملاقات کی، وزیر اعظم کو افغان صدر کی دعوت مثبت پیش رفت ہے، جلد افغان حکام کو جواب سے آگاہ کردیں گے۔ جمعرات کو اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے دورہ امریکا پر آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے امریکا کے نجی دورے میں امریکی نائب صدرمائیک پینس سے ملاقات کی جس میں امریکا میں تعینات دفاعی مشیر بھی موجود تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں اب دہشت گردوں کو کوئی منظم وجود نہیں ہے، امریکا انٹیلی جنس معلومات فراہم کرے تو کارروائی کریں گے۔ڈاکٹر فیصل نے بھارت میں پاکستانی سفارت کاروں کو ہراساں کیے جانے کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اپنے سفارت کاروں کی بھارت میں ہراسگی پر تحفظات ہیں، اس حوالے سے پاکستان نے تمام شواہد بھارت کو فراہم کیے ہیں جب کہ بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود واپس روانہ ہوجائیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے خواجہ معین الدین چشتی کے عرس میں شرکت کے لیے پاکستانی زائرین کو بھارت کی جانب سے ویزہ نہ دینے پر مایوسی کا اظہار کیا۔افغان صدر کی جانب سے وزیراعظم پاکستان کو دورہ افغانستان کی دعوت پر ترجمان نے کہا کہ اس دعوت کا جائزہ لیا جارہا ہے، افغان صدر کی دعوتمثبت پیش رفت ہے، جلد افغان حکام کو جواب سے آگاہ کردیں گے۔