13

سومی کا خونی دن: روسی حملے میں عبادت کے لیے جاتے شہری جاں بحق

یوکرین کا شہر سومی اتوار کی صبح ایک ہولناک منظر کا گواہ بن گیا جب روس کی طرف سے داغے گئے بیلسٹک میزائل نے شہری علاقے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 31 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 84 زخمی ہو گئے۔

یہ حملہ اس وقت ہوا جب لوگ گرجا گھروں میں عبادت کے لیے روانہ تھے۔ انسانی جانوں کے ضیاع اور شہر کی فضا میں پھیلے ماتم نے ایک بار پھر اس جنگ کی بے رحمی کو دنیا کے سامنے رکھ دیا۔

یوکرینی صدر زیلنسکی نے اس دردناک حملے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ:"یہ کوئی عام حملہ نہیں، بلکہ ایک دہشتگردی ہے۔ روس عام شہریوں کو خوفزدہ کرنا چاہتا ہے۔"

انہوں نے دنیا سے اپیل کی کہ روس پر سخت دباؤ ڈالا جائے تاکہ یہ وحشیانہ کارروائیاں روکی جا سکیں۔ ان کے بقول:"جب تک روس کو روکا نہیں جاتا، جنگ جاری رہے گی۔ صرف الفاظ کافی نہیں، اب عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔"