بیجنگ: شمالی چین اس وقت ایک شدید موسمی خطرے کا سامنا کر رہا ہے جہاں بیجنگ اور دیگر علاقوں میں 150 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہواؤں کے جھکڑ چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ حکام نے اسے ایک دہائی میں سب سے خطرناک آندھی قرار دیتے ہوئے بیجنگ میں اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔
سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، کم وزن والے افراد خاص طور پر متاثر ہو سکتے ہیں۔ 50 کلوگرام سے کم وزن رکھنے والوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ تیز ہواؤں کی زد میں آ کر اُڑ بھی سکتے ہیں، اس لیے وہ گھروں سے ہرگز نہ نکلیں۔
احتیاطی تدابیر کے طور پر، تمام تعمیراتی کام معطل کر دیے گئے ہیں، پارکس اور سیاحتی مقامات بند کر دیے گئے ہیں، اور ٹرین سروسز بھی عارضی طور پر روکی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ، اس ویک اینڈ پر ہونے والے کئی بڑے ایونٹس بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں، جن میں دنیا کی پہلی ہیومنائیڈ روبوٹ ہاف میراتھن بھی شامل ہے، جو اب 19 اپریل کو منعقد ہوگی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ آندھی غیر معمولی طور پر شدید، طویل المدت، اور وسیع پیمانے پر پھیلنے والی ہے، جس سے ”انتہائی تباہی“ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ حکام نے عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ گھروں میں محدود رہیں اور کسی بھی صورت غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں۔