110

روزگار کے سلسلے میں افغانستان جانے والے خیبرپختونخوا کے نوجوان لاپتہ

 روزگار کے سلسلے میں افغانستان جانے والے خیبرپختونخوا کے 24 نوجوان لاپتہ ہوگئے ہیں۔ 

لواحقین کا کہنا ہے کہ لاپتہ ہونے والے نوجوان روزگار کے سلسلے میں افغانستان گئے تھے جنھیں باگرام اور پل چرخی جیلوں میں قید رکھا گیا ہے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے افغانستان میں لاپتہ خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کے لواحقین کا کہنا تھا کہ افغانستان میں خیبر پختونخوا کے 24 نوجوان لاپتہ ہیں، لاپتہ نوجوانوں کا تعلق پشاور، چارسدہ، مردان، صوابی اور دیگر اضلاع سے ہے جو روزگار کے سلسلے میں افغانستان گئے تھے۔

لواحقین کا کہنا ہے کہ لاپتہ نوجوانوں کو باگرام اور پل چرخی جیلوں میں قید رکھا گیا ہے جب کہ نوجوانوں کی گمشدگی کا معاملہ عالمی تنظیم ریڈ کراس کے نوٹس میں بھی لایا جا چکا ہے، ہماری درخواست ہے کہ حکومت پاکستان 24 نوجوانوں کی گمشدگی کا معاملہ سفارتی سطح پر اٹھائے اور افغان حکومت سے بات کرے۔