16

جے پور میں آخری رسومات کے دوران شہد کی مکھیوں کا حملہ، 50 افراد زخمی

بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جے پور میں ایک جنازے کے دوران شہد کی مکھیوں کے جھنڈ نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں تقریباً 50 افراد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک شخص کی آخری رسومات ادا کی جا رہی تھیں۔ دورانِ رسومات چِتا کی آگ کی تپش کے باعث قریبی درخت میں موجود شہد کی مکھیوں کا چھتہ متاثر ہوا اور بڑی تعداد میں مکھیاں باہر نکل کر وہاں موجود افراد پر حملہ آور ہوگئیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اچانک شہد کی مکھیوں کی یلغار سے جنازے میں شریک افراد میں بھگدڑ مچ گئی۔ لوگ خود کو بچانے کے لیے مختلف سمتوں میں بھاگنے لگے، لیکن مکھیوں کے ڈنک لگنے سے درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔

امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد زیادہ تر افراد کو فارغ کر دیا گیا، جبکہ چند شدید متاثرہ افراد کو مزید علاج کے لیے اسپتال میں داخل رکھا گیا ہے۔

یہ پہلا واقعہ نہیں جب بھارت میں شہد کی مکھیوں کے حملے سے لوگ متاثر ہوئے ہوں، اس سے قبل بھی مختلف ریاستوں میں ایسے حادثات پیش آ چکے ہیں، جن میں بعض افراد کی جان بھی جا چکی ہے۔ ماہرین کے مطابق گرمی اور آگ کے قریب ہونے سے شہد کی مکھیاں خطرہ محسوس کرتی ہیں اور حملہ کر دیتی ہیں، جس کے باعث اس طرح کے واقعات رونما ہوتے ہیں۔