249

مولانا سمیع الحق ہارٹ سرجری کے بعد ہسپتال سے فارغ

نوشہرہ۔جمعیت علماء اسلام اوردفاع پاکستان کونسل کے سربراہ مولانا سمیع الحق اوپن ہارٹ سرجری کے بعد ہسپتال سے فارغ کردیئے گئے مولانا سمیع الحق کو 20فروری کو دل کی تکلیف کے باعث راولپنڈی کے امراض قلب کے مشہور ہسپتال اے ایف آئی سی میں داخل کیا گیا تھا، 5 مارچ کو ان کی اوپن ہارٹ سرجری ہوئی اور وہ ماہرڈاکٹروں کی نگرانی میں زیرعلاج تھے ۔

ہسپتال سے اپنے گھر اکوڑہ خٹک آمد پر جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے اساتذہ شیخ الحدیث مولانا انوار الحق ،شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس ،مولاناحامد الحق حقانی،مولانا سید یوسف شاہ،مولانا شوکت علی، مولانا مفتی غلام قادر،مولانا فیض الرحمن،مولانا سعید الرحمن ،مولانا راشد الحق ،مولانا بلال عابد،مولانا حزب اللہ ،مولانا ظفر الحق،مولانا حمایت الحق‘ جامعہ کے طلباء اور شہریوں نے مدرسہ سے ایک کلومیٹر دور جی ٹی روڈ پر دو رویہ کھڑے ہوکر مولانا سمیع الحق زندہ باد کے نعروں کی گونج سے استقبال کیا اور گل پاشی کی گئی۔

جمعیت کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا سید محمد یوسف شاہ کے مطابق مولانا سمیع الحق کو ڈاکٹروں نے دو ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے ،تمام متعلقین سے گزارش ہے کہ وہ ملاقات کرنے کی کوشش نہ کریں ‘ مدرسہ پہنچنے پر خطاب کرتے ہوئے قائد جمعیت مولانا سمیع الحق نے کہا کہ ہماری زندگی کا مقصد دین کی سربلندی کے لئے جدوجہد ہے اور ان شاء اللہ جب تک زندہ ہیں مدارس دینیہ اور پاکستان کے خلاف اٹھنے والے طوفانوں کا مقابلہ کریں گے اور مدارس دینیہ پر آنچ نہیں آنے دیں گے ۔