متحدہ عرب امارات میں قتل کے مقدمات میں دو بھارتی شہریوں کو سزائے موت دے دی گئی، دونوں کا تعلق بھارتی ریاست کیرالا سے ہے۔ قتل کے ان مقدمات میں دونوں پر الگ الگ الزامات ثابت ہوئے جس کے بعد انہیں عدالت نے موت کی سزا سنائی۔
بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق سزا پانے والوں میں محمد رناش اور مرالی دھرن شامل ہیں، جن کا تعلق کیرالا کے کنار علاقے سے ہے۔
تفصیلات کے مطابق محمد رناش ایک ٹریول ایجنسی میں کام کرتا تھا اور اس پر ایک اماراتی شہری کے قتل کا الزام تھا جبکہ مرالی دھرن پر بھارتی تارکین وطن کو قتل کرنے کا الزام ثابت ہوا۔
یو اے ای حکام نے 28 فروری کو بھارتی سفارتخانے کو دونوں افراد کی سزائے موت کے بارے میں باضابطہ طور پر مطلع کیا، جس کے بعد سفارتخانے نے ان کے اہلخانہ سے رابطہ کیا اور قانونی مدد فراہم کی۔
بھارتی وزارت خارجہ نے دونوں کی جانب سے رحم اور معافی کی درخواستیں بھی دائر کیں، تاہم متحدہ عرب امارات کی سپریم کورٹ نے یہ اپیلیں مسترد کر کے سزائے موت کے فیصلے کو برقرار رکھا۔