238

صوابی بائی پاس روڈ ترجیحی بنیادوں پر تعمیر کرنے کا حکم

پشاور۔سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی اسد قیصر نے منیجنگ ڈائریکٹر خیبرپختونخواہائی ویزاتھارٹی کو ہدایات جاری کیں کہ اتھارٹی2.16ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی صوابی بائی پاس روڈ کی تعمیر کیلئے فوری اقدامات کرے ۔انہوں نے کہا کہ صوابی میں ٹریفک کے دباؤکو کم کرنے اور گدون انڈسٹریل اسٹیٹ کیلئے بھاری گاڑیوں کی آمدورفت کو سہل بنانے کیلئے بائی پاس روڈ کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ کے کانفرنس روم میں ایم ڈی خیبرپختونخواہائی ویز اتھارٹی کی جانب سے صوابی بائی پاس روڈ سے متعلق بریفنگ کے دوران کیا ۔

بریفنگ میں پی ٹی آئی صوابی کے ضلعی صدر انورحقداد ،جنرل سیکرٹری میجر (ر)فداخان سمیت معززین علاقہ نے کثیرتعداد میں شرکت کی ۔سپیکر نے بریفنگ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صوابی گنجان آباد علاقہ ہے جہاں پر ٹریفک کا بہت زیادہ دباؤہے جس کے باعث اکثر اوقات روڈ بلاک ہو جاتے ہیں اور عوام کو گوناں گوں ٹریفک تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔نیز صوابی میں گدون انڈسٹریل اسٹیٹ بھی موجود ہے جہاں سینکڑوں کا رخانے ہیں اوران کارخانوں کا مال لانے اورلے جانے کیلئے بھاری کمرشل گاڑیوں کی آمدورفت میں بھی کافی مشکلات درپیش آتی ہیں

۔سپیکر نے ایم ڈی کو ہدایت کی کہ وہ مذکورہ بائی پاس روڈ پر فوری اقدامات کرے تاکہ عوام کی تکالیف کا مداوا کیا جاسکے۔ایم ڈی نے مذکورہ روڈ کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ روڈ جہانگیرہ کے قریب ناروبانڈہ سے شروع ہوکر بام خیل شہبازبانڈہ پر ختم ہوگااور اس پر کل لاگت 2.16ارب روپے آئے گی۔مذکورہ روڈ دو رویہ ہوگی اور اس کی لمبائی 10.6کلومیٹر ہوگی نیز روڈ کی تعمیر میں تقریباً565کنال اراضی استعمال میں لائی جائے گی۔