278

ڈاکٹر عامر لیاقت پاکستان تحریک انصاف میں شامل

اسلام آباد۔معروف ٹی وی اینکر اور سا بق وزیر مملکت رہنما ڈاکٹر عامر لیاقت حسین اور معروف اداکار عابد علی نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ۔پیر کو ڈاکٹر عامر لیاقت اور عابد علی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ عامر لیاقت کو تحریک انصاف میں خوش آمدید کہتے ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ الیکشن میں چھ ماہ رہ گئے ہیں ، ہمارامقابلہ سٹیٹس کو اور تبدیلی کی جماعت کا ہے ، یہ جنگ فیصلہ کن ہے ، کراچی روشنیوں کا شہر کہلاتا تھا ، ہم نے کے پی کے میں چار سال میں وعدے پورے کئے ،30 سال میں جنوبی پنجاب میں ایک اسپتال نہیں بنا، پنجاب کا ترقیاتی بجٹ ساڑھے 600ارب ہے جو زیادہ تر لاہور پر لگ جاتا ہے ، اگر عوام پر پیسہ خرچ ہو تو وہ خود سڑکیں بنا لیتے ہیں۔

، سنگا پور اور ملائشیا میں ترقی اس لئے ہوئی کہ وہاں عوام پر پیسہ لگتا ہے ، کراچین کے لوگ تحریک انصاف کو تبدیلی لانے کیلئے موقع دیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے ماضی میں بہ کچھ کہا ہے مگر ہر کوئی اپنی غلطیوں سے سیکھتا ہے ، آپ لوگ میرے لئے نہیں کراچی کے بہتر مستقبل کیلئے آگے آئیں ، ماضی میں دبئی کے شیخ چھٹیاں منانے کراچی آتے تھے ، سینیٹ میں بہت بڑی کامیابی ملی ، ہم نے پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ دونوں کا راستہ روکا ، دونوں کے امیدوار سینیٹ میں چیئرمین کی سیٹ نہیں لے سکے ، بلوچستان سے چیئرمین سینیٹ کا انتخاب بہت بڑی کامیابی ہے ۔

اس سے بلوچستان میں احساس محرومی ختم ہوگی ،سندھ میں سیاسی اتحاد ڈلیور نہیں کرسکا ۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا کہ دیر سے کئے گئے فیصلے درست ہوتے ہیں ، عمران خان پاکستان کے لئے کام کر رہے ہیں ان کی جدوجہد کرپشن کے خلاف ہے ، تحریک انصاف کراچی میں کلین سویپ کرے گی ، تحریک انصاف میرا آخری مقام ہے۔اس موقع پر معروف اداکار عابد علی نے بھی تحریک انصاف میں شمولیت کااعلان کیا اور کہاکہ آج کراچی بحال ہورہا ہے مگر ابھی بہت سفر باقی ہے ،کرپشن ختم کئے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا ، ہم پرانے چہروں سے تنگ آچکے ہیں ہمیں بھی ملائشیا کے سابق صدر مہاتیر محمد جیسے رہنما چاہیے ۔