172

بیگم کلثوم نواز ہسپتال سے ڈسچارج

لندن۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ اور رکن قومی اسمبلی بیگم کلثوم نواز کو 10 گھنٹے زیرعلاج رہنے کے بعد ہارلے اسٹریٹ کلینک سے ڈسچارج کردیا گیا۔ پیر کو بیگم کلثوم نواز کو ان کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز چیک اپ کے لیے ہسپتال لائے تھے تاہم ڈاکٹرز نے انہیں داخل کرلیا تھا، جہاں وہ تقریبا 10 گھنٹے تک زیر علاج رہیں۔

بیگم کلثوم نواز گلے کے کینسر میں مبتلا ہیں جس کے علاج کے سلسلے میں وہ گزشتہ چند ماہ سے لندن میں موجود ہیں۔رواں ماہ کے آغاز میں ڈاکٹرز نے کلثوم نواز کی گردن میں دوبارہ ٹیومر بن جانے کے باعث ان کی مزید سرجری کا فیصلہ کیا تھا۔برطانوی ڈاکٹرز، بیگم کلثوم نواز کی گزشتہ 7 ماہ میں 6 بار کیمو تھراپی کرچکے ہیں جب کہ ان کی 7 ماہ میں 3 بار سرجری بھی کی گئی۔

واضح رہے کہ بیگم کلثوم نواز اپنے شوہر نواز شریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی لاہور کی نشست این اے 120 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئی ہیں لیکن خرابی صحت کے باعث وہ اب تک حلف نہیں لے سکی ہیں۔