237

امریکہ نے سعودیہ سے 4ارب ڈالرمانگ لیے

واشنگٹن۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی فرماں روا سے 4ارب ڈالرمانگ لیے ،رقم شام میں تعمیر نو کے کاموں میں خرچ کی جائے گی ۔ غیر ملکی میڈیا کلے مطابق امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے سعودی فرماں روا سے 4ارب ڈالرمانگ لیے ہیں اور یہ رقم ایسے مقصد میں استعمال کی جائے گی کہ کوئی سوچ بھی نہ سکتا تھا۔ ایک خبر میں انکشاف کیا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ اور سعودی فرماں روا شاہ سلمان کے مابین گزشتہ سال دسمبر میں فون پر بات ہوئی تھی۔ اس بات چیت میں ٹرمپ نے ان سے 4ارب ڈالر فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

وائٹ ہاؤس کے ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ رقم شام میں تعمیر نو کے کاموں میں خرچ کی جائے گی اور جنگ کی تباہ کاریوں کا ازالہ کرنے کے بعد امریکہ کے شام سے انخلاء کی راہ ہموار ہو گی۔امریکہ سعودی عرب کے علاوہ بھی دیگر کئی ممالک سے رقم کا متقاضی ہے تاکہ شام کے جنگ سے تباہ ہونے والے علاقوں میں بحالی کے کام ہو سکیں۔ یہ وہ علاقے ہیں جو امریکی فوج اور اس کے مقامی اتحادیوں نے شدت پسند تنظیم داعش سے خالی کروائے ہیں۔ داعش کے ساتھ جنگ ختم ہو چکی ہے اوراب امریکہ کے لیے اگلا سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ وہ ان علاقوں کو بشارالاسد اوراس کے اتحادیوں روس اور ایران کے قبضے میں جانے سے روکے۔

اس کے علاوہ داعش کو ازسرنومنظم ہونے سے روکنا بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔ صدر ٹرمپ اپنے اقتدار کے آغاز سے ہی عالمی مہم جوئیوں کے اخراجات میں اپنے اتحادیوں سے حصہ دینے کا مطالبہ کرتے آ رہے ہیں۔ سعودی عرب سے اس خطیر رقم کا تقاضا بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے اور وہ جلد ازجلد امریکہ کو شام کی جنگ سے الگ کرنا چاہتے ہیں جس کے لیے انہیں بھاری رقم کی ضرورت ہے اور وہ اپنے اتحادیوں سے یہ رقم اداکرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں