290

اقوام متحدہ کی روہنگیا مسلمانوں کیلئے امداد کی اپیل

جنیوا۔اقوام متحدہ کے اداروں اور شراکت دار این جی اوز نے گزشتہ روز ایک مشترکہ منصوبے کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق روہنگیا مسلمانوں کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کیلئے951ملین ڈالر کی اپیل کی گئی ہے تا کہ 9لاکھ روہنگیا بے گھر افراد کی ضروریات فوری طور پر پوری کی جاسکیں ۔ جنیوا میں اقوام متحدہ کی طرف سے جاری کی جانے والی اپیل میں کہا گیا ہے کہ 3لاکھ 30ہزار روہنگیا مسلمان بنگلہ دیش میں موجود ہیں ۔

یہ مہم ہائی کمشنر برائے مہاجرین فلپو کرانڈی کی طرف سے جاری کی گئی ہے ۔ اپیل کے موقع پر انہوں نے کہا ہم یہ اپیل اس لئے کر رہے ہیں کہ میانمار کے بے گھر مسلمانوں کیلئے ان کے گھروں کے دروازے کھولے جا سکیں اور وہ اس بحران سے نکل کر اپنے گھروں کو واپس جا سکیں ۔میانمار کے اندر ایسے حالات پیدا کئے جائیں کہ یہ لوگ پر امن طور پر اپنے گھروں کو جا سکیں لیکن اس وقت ان کو ہنگامی طور پر جس امداد کی ضرورت ہے وہ انہیں فوری طور پر فراہم کی جانی چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ ان افراد کیلئے 16ملین لیٹر پانی کی ہر روز ضرورت ہے جبکہ 12,200میٹرک ٹن ماہانہ خوراک درکار ہوگی جبکہ ایک لاکھ 80ہزار خاندانوں کو کھانا پکانے کیلئے ایندھن کی ضرورت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ان بے گھر افراد کیلئے 50 ہزار لیٹرینیں تعمیر کرنے کی ضرورت ہے اس لئے عالمی برادری کو ان کی مدد کیلئے سامنے آنا چاہیے ۔