168

روس کا برطانوی سفارتکارو ں کو ملک بدر کرنیکا اعلان

ماسکو۔روس نے برطانیہ میں روسی انٹیلی جنس افسر اور ان کی بیٹی کو زہر دینے کے واقعے کے بعد پیدا ہونے والے تنا ؤکے باعث 23 برطانوی سفارت کاروں کو بھی ملک سے نکالنے کا اعلان کردیا ۔یہ روسی اقدام برطانیہ کی جانب سے 23 روسی سفارت کاروں کو ملک سے نکالنے کے اعلان پر ردعمل کے طور پر سامنے آیا ہے۔روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ماسکو میں برطانوی سفارتخانے کے 23 سفارتی عملے کے ارکان کو ناقابل قبول افراد قرار دیا جائے گا اور انھیں ایک ہفتے کے اندر ملک سے نکال دیا جائے گا۔

ایک بیان میں روسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وہ روس میں برٹش کونسل کو بھی بند کے گا اور سینٹ پیٹرز برگ میں جنرل قونصلیٹ کھولنے کا اجازت نامہ بھی واپس لے گا۔خیال رہے کہ برطانیہ کی جانب سے سیلیسبری میں سابق روسی انٹیلی جنس افسر اور ان کی بیٹی کو زہر دینے پر روس کے 23 سفارت کاروں کو ملک سے نکالنے کا اعلان کیا گیا تھا۔روس کے سابق انٹیلیجنس افسر 66 سالہ سرگئی سکرپال اور ان کی 33 سالہ بیٹی یولیا سکرپال ایک ہفتے تک ہسپتال میں زیرِ علاج رہے۔

اس سے قبل انھیں ایک نروو ایجنٹ کے ذریعے انفیکٹ کیا گیا تھا۔اس سے قبل روسی صدر کے ترجمان نے کہا تھا کہ ولادیمر پوتن بالآخر اس آپشن کو منتخب کریں گے جو ماسکو کے مفادات کے لیے سے زیادہ مناسب ہو گا۔خیال رہے کہ برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے نے سیلیسبری میں سابق روسی انٹیلی جنس افسر اور ان کی بیٹی کو زہر دینے پر روس کے 23 سفارت کاروں کو ملک سے نکالنے کا اعلان کیا تھا۔

برطانیہ نے یہ قدم اس وقت اٹھایا جب روس نے برطانیہ کو اس زہر کے حوالے سے وضاحت دینے سے انکار کر دیا۔روس نے سیلیسبری میں روس کے سابق انٹیلیجنس افسر 66 سالہ سرگئی اور ان کی 33 سالہ بیٹی یولیا کو زہر دینے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔