91

احتساب انتخابات سے قبل سب کو یاد آجاتا ہے‘احسن اقبال 

لاہور۔ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ 5سال پہلے کے پاکستان سے آج کا پاکستان مختلف ہے، امید ہے قائد حزب اختلاف عبوری حکومت کے معاملے پر اتفاق کریں گے، سیاسی جماعتوں کے درمیان جمہوری عمل پر کوئی اختلاف نہیں ہے، سینیٹ انتخابات کا بروقت انعقاد جمہوری عمل کی جیت ہے، مشرف اب جنرل نہیں سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں، پاکستان میں عدلیہ کا وقار ہر قیمت پر برقرار رہنا چاہیے۔

انتخابات سے قبل اگر کسی جماعت کو نشانہ بنایا جائے تو سوالیہ نشان پیدا ہوتا ہے، احتساب انتخابات سے قبل سب کو یاد آجاتا ہے۔وہ ہفتہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ نادرا کی سروس میں 105موبائل گاڑیاں شامل کی جا رہی ہیں، ووٹر کو طاقتور بنانا چاہتے ہیں تا کہ وہ اپنے ووٹ کا حق استعمال کر سکیں، پاکستان کے ہر ووٹر کو شناختی کارڈ مہیا کرنا چاہتے ہیں، ملک میں سیاسی استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کا اعادہ کرنا ہے، پاکستان میں جمہوری قوتیں اور جمہوری عمل مضبوط ہے۔

پاکستان کے بیس کروڑ عوام ملک کی جمہوریت کے مالک ہیں، پاکستان کے عوام جمہوری عمل کی ضمانت اور طاقت ہیں، چند حلقے انتخابات پر سوالیہ نشان لگانے کیلئے پہلے سے ہی کام شروع کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناکام قوتیں جمہوری عمل کا راستہ روکنے کی ہمیشہ کوشش کرتی ہیں، ناکام قوتوں کو جمہوریت اور انتخابات کے نتائج سے خوف آتا ہے، عوام دیکھ رہے ہیں کہ ہم نے پاکستان کو بدل دیا ہے۔

پاکستان کے کسان اور مزدور بھی اتنا ہی سیاسی باشعور ہے جتنا کوئی وکیل یا سیاستدان ، پانچ سال پہلے کے پاکستان سے آج کا پاکستان بہت مختلف ہے، پانچ سال پہلے کراچی بھتے کی پرچیاں ملتی تھیں اب پی ایس ایل کا فائنل کھیلا جا رہا ہے، پاکستان میں اب ڈیمز بن رہے ہیں اور منصوبے لگ رہے ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم کے ساتھ مل کر نگران سیٹ اپ پر بات کریں، امید ہے قائد حزب اختلاف عبوری حکومت کے معاملے میں اتفاق کریں گے۔

سیاسی جماعتوں کے درمیان جمہوری عمل پر کوئی اختلاف نہیں ہے، سینیٹ انتخابات کا بروقت انعقاد جمہوری عمل کی جیت ہے،پاکستان میں جمہوریت کا سفر آگے بڑھ رہا ہے، ملک میں عام انتخابات وقت پر ہوں گے، مشرف اب جنرل نہیں سیاستدان اور سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں، سابق وزیراعظم عدالتوں میں حاضر ہو سکتے ہیں تو مشرف کیوں نہیں؟ انتخابات کے قریب سب کو احتساب یاد آتا ہے، پہلے پانچ سال کیوں نہیں؟ پاکستان میں اس وقت ہم آہنگی ، اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے، پاکستان میں عدلیہ کا وقار ہر قیمت پر برقرار ہنا چاہیے، انتخابات سے قبل اگر کسی جماعت کو نشانہ بنایا جائے تو سوالیہ نشان پیدا ہوتا ہے۔