89

مردان میں موبائل دودھ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا آغاز

پشاور ۔ عوام کو ہر قسم کی ملاوٹ سے پاک خالص دودھ کی فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ مردان اور محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈیویلپمنٹ نے دودھ کی ٹسٹنگ کے لیے موبائیل ٹسٹنگ لیبارٹری کا آغاز کردیا ہے اور آج کمشنر آفس مردان میں ایک مگر پروقار تقریب میں کمشنر مردان ذاکر حسین آفریدی نے اس موبائیل وین لیبارٹری کا افتتاح کردیا۔ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عمران حامد شیخ ، صوابی کے ڈپٹی کمشنر خورشید عالم ، تبدیل ہونے والے ڈپٹی کمشنر صوابی معتصم بااللہ ، اے ڈی سی مردان ڈاکٹر قاسم ، ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر حبیب الرحمان، اے سی مردان عمران خان ،ایڈیشنل اے سی شہباز خان اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ اس موبائیل وین لیب میں دودھ کی ٹسٹنگ کے لیے جدید Lactoscan مشین نصب کی گئی ہے جو ایک منٹ میں دودھ کے ٹسٹ کے ذریعے بتاتی ہے کہ دودھ خالص ہے یا اس میں پانی یا کسی دیگر کیمیکل کی ملاوٹ کی گئی ہے ۔

اس موقع پر ڈاکٹر حبیب الرحمان کی نگرانی میں دودھ کے ٹسٹ کا عملی مظاہرہ کیا گیا ۔کمشنر مردان ذاکر حسین آفریدی نے اس موقع پر کہا کہ اس موبائل لیب کے ذریعے دودھ میں ملاوٹ کی حوصلہ شکنی ہوگی اور عوام کو خالص اور معیاری دودھ کی فراہمی ممکن ہوسکے گی ،اُنہوں نے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی کا وشوں کو سراہا اور کہا کہ اس موبائل لیب کے ذریعے مردان کے ساتھ ساتھ صوابی میں بھی دودھ کے ٹسٹ کرکے عوام کو ملاوٹ سے پاک دودھ کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر مردان نے اس موقع پر اس لیب کے حوالے سے بتایا کہ بازاروں میں دودھ کی کوالٹی چیک کرنے کے ساتھ عوام بھی اس لیب سے صرف ایک سو روپے میں دودھ ٹسٹ کرانے کی سہولت لے سکیں گے ۔اُنہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے ضلعی انتظامیہ نے لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ کو گاڑی اور لیبارٹری ریجنٹ فراہم کئے ہیں ۔