4

وارنٹِ گرفتاری کافی نہیں، نیتن یاہو کو سزائے موت دی جائے؛ آیت اللہ خامنہ ای

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نےکہا کہ غزہ میں جارحیت کے مرتکب اسرائیلی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری کافی نہیں بلکہ سزائے موت دینی چاہیے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے وفد سے ملاقات کی مشرق وسطیٰ بالخصوص غزہ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

ایرانی سپریم لیڈر نے عالمی فوجداری عدالت کی جانب سے اسرائیلی وزیراعظم کے وارنٹ گرفتاری کو ناکافی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ نیتن یاہو اور ان کے ساتھیوں کو سزائے موت سنانی چاہیے تھی۔

ایران کے روحانی پیشوا نے مزید کہا کہ غزہ میں اسرائیل نے جارحیت کی ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ بنیادی انسانی حقوق کو پامال کیا گیا اور جنگی جرائم کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں۔

آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ غزہ میں 50 ہزار کے قریب شہید اور سوا لاکھ سے زائد زخمی ہیں جن میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ 

سپریم لیڈر نے مزید کہا کہ اسرائیل کی جارحیت غزہ کے بعد اب لبنان اور شام تک پہنچ گئی ہے۔ اسے لگام دینے کی ضرورت ہے۔ 

ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ ان حقائق کی روشنی میں اسرائیلی جارحیت کے ذمہ دار نیتن یاہو اور ان کی ٹیم کے وارنٹ گرفتاری نہیں بلکہ سزائے موت کا اعلان کیا جانا چاہیے۔