156

محکمہ ہاؤسنگ کے ملازمین کو رہائشی پلاٹ مل گئے

پشاور۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے ہفتہ کے روز پشاور میں محکمہ ہاؤسنگ اور ہاؤسنگ اتھارٹی کے افسران واہلکاروں کو پلاٹ الاٹمنٹ لیٹرز حوالے کیے۔ ڈائریکٹر جنرل ہاؤسنگ اتھارٹی سیف الرحمن عثمانی اور افسروں واہلکاروں کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد اعلی نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے لئے اپنی معمولی تنخواہوں میں اپنے گھروں کی تعمیر تقریباً ناممکنات میں سے ہے۔

ملازمین کی مشکلات کے پیش نظر حکومت خیبرپختونخوا نے ان کو پلاٹوں کی فراہمی ،بنکوں کے ذریعے ان کو قرضوں کی فراہمی، ضروری رہنمائی فراہم کرنے اور سائٹ پلان فراہم کرنے تک کا انتظام کیا تاکہ انہیں اپنی پناہ گاہ مل سکے جو ان کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا نے صوبے کے تمام حصوں میں ٹاؤن شپ سکمیں شروع کرنے کے لئے ایک جامع منصوبہ شروع کیاہے تاکہ صوبے کے بے گھرلوگوں کو پلاٹس فراہم کیے جاسکیں۔ 

انہوں نے کہا کہ صوبے میں 2 لاکھ گھروں کی کمی ہے اورخیبرپختونخوا حکومت اس سلسلے میں کوششیں کررہی ہے جو اس کمی کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ڈائریکٹر جنرل ہاؤسنگ اتھارٹی سیف الرحمن عثمانی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت نے محکمہ ہاؤسنگ کو صوبے کے سب سے متحرک محکمہ میں تبدیل کردیاہے۔