228

گوادر بندرگاہ پاک چین معاشی ترقی کا ضامن ہے ‘چینی قونصلر جنرل 

بیجنگ /کراچی۔کراچی میں تعینات چین کے قونصلر جنرل نے کہا ہے کہ گوادر بندرگاہ کی تعمیر چین پاک معاشرے کی تعمیر کے لیے مفید ہے ، گوادر بندرگاہ میں ترقی کی بڑی گنجائش ہے، بندرگاہ کی تکمیل کے بعد دونوں ممالک اور علاقے کے عوام اس سے مستفید ہوں گے، گوادر بندرگاہ کی تعمیر کے لیے منصوبہ بندی کو اچھی طرح بنایا جانا چاہئے ،پاکستان کی اپنی صورتحال کے مطابق اقتصادی ، مالیاتی اور ٹیکس کی پالیسی بنائی جانی چاہیئے۔

چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں چین کے قونصلر جنرل وانگ یو نے قرار دیا کہ گوادر بندرگاہ میں ترقی کی بڑی گنجائش موجود ہے۔گوادر بندرگاہ کی تعمیر پاکستان میں اقتصادی ترقی کے عدم توازن کے حل کے لیے نہ صرف مدد گار ثابت ہوگی بلکہ چین پاک ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کے لیے بھی مفید ہوگی۔انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ تعمیر ہونے کے بعد دونوں ممالک اور علاقے کے عوام اس سے مستفید ہوں گے۔

رپورٹ میں وانگ یو کے کراچی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہاگیا کہ قونصل جنرل نے مزید نشاندہی کی کہ گوادر بندرگاہ کی تعمیر کے لیے منصوبہ بندی کو اچھی طرح بنایا جانا چاہیئے اور جدت کاری ،ہم آہنگی ، سرسبز ترقی ،کھلے پن اور شراکت داری کے اصولوں پر عمل پیرا ہونا چاہیئے۔پاکستان کی اپنی صورتحال کے مطابق اقتصادی ، مالیاتی اور ٹیکس کی پالیسی بنائی جانی چاہیئے۔اس کے ساتھ ساتھ حکومت،تجارتی چیمبر سمیت مختلف قوتوں کو اس علاقے کی تعمیر میں شامل کیا جانا چاہیئے اور متعلقہ افراد کی پیشہ ورانہ تربیت پر بھی زور دیا جانا چاہیئے۔