8

یو اے ای میں کام کرنیوالے اپنے بیوی بچوں کو کیسے بلا سکتے ہیں، اہم معلومات

یو اے ای میں کام کرنے والے اچھی تنخواہ کے حامل افراد اپنے بیوی بچوں کو بھی بلوا سکتے ہیں۔

فیملی اسپانسرشپ کے لیے درخواست دیتے وقت اس بات کو یقینی بنانا لازم ہے کہ تمام مطلوب دستاویزات ہوں اور مکمل ہوں۔خاندان والوں کو یو اے ای بلانے کے خواہش مند افراد کو متحدہ عرب امارات کے ریذیڈنٹ ویزے کے لیے درخواست دینا ہوتی ہے، درخواست دینے والا ملازمت کا حامل ہوناچاہیے۔

وزٹ ویزا پر بیوی بچوں اور والدین کو متحدہ عرب امارات لایا جا سکتا ہے، رہائشی ویزا کے پراسس کے دوران فیملی یو اے ای میں رہ سکتی ہے، قانونی تقاضے پورے کرکے فیملی کو یو اے ای بلایا جا سکتا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والا شخص جو کم از کم چار ہزار درہم ماہانہ یا پھر تین ہزار درہم ماہانہ کماتا ہو اور اپنی رہائش رکھتا ہو اپنی فیملی کو بلوا سکتا ہے، 18 سال یا اِس سے زائد عمر کے تمام افراد کے لیے میڈیکل فٹنس کلیئرنس لازم ہے۔

کسی بھی انٹری پرمٹ پر متحدہ عرب امارات میں فیملی کے داخل ہونے کے بعد کوئی بھی تارکِ وطن 60 دن کے اندر زیر ِکفالت افراد کے رہائشی ویزا کے لیے درخواست دے سکتا ہے،اگر کوئی اپنے والدین اور خاندان کو بلوانا چاہتا ہے تو اُس کی تنخواہ کم از کم 10 ہزار درہم ماہانہ ہونی چاہیے۔

ریذیڈنٹ ویزا کے لیے درخواست دیتے وقت رہائش گاہ کا سرٹیفکیٹ پیش کرنا لازم ہے، جو شخص اہلِ خانہ یا زیرِکفالت افراد کو بلوانا چاہتا ہے اُس کے لیے ضروری ہے کہ یا تو کہیں باضابطہ ملازم ہو یا پھر اپنا بزنس کرتا ہو۔

بیوی کے لیے رہائشی ویزا کے حصول کے لیے کسی سرٹیفائیڈ ٹرانسلیٹر سے تیار کروایا ہوا نکاح نامہ یا میرج سرٹیفکیٹ پیش کرنا لازم ہے، مسلم درخواست گزار دو بیویوں کے لیے بھی درخواست دے سکتا ہے۔

صرف غیر شادی شدہ بیٹیوں کی اسپانسر شپ کی درخواست دی جا سکتی ہے، پچیس سال سے کم عمر کے بیٹے یا بیٹوں کو اسپانسر کیا جا سکتا ہے، متحدہ عرب امارات میں پیدا ہونے والے بچے کے ریذیڈنٹ ویزا کے لئے پیدائش کے 120 دن کے اندر درخواست دینا ہو گی، دوسری صورت میں جرمانہ دینا پڑے گا۔

ریذیڈنسی ویزا کے لئے آن لائن یا کسی رجسٹرڈ ٹائپنگ آفس سے ایپلی کیشن فارم حاصل کیا جائے اور اس کے ساتھ خاندان کے پاسپورٹس کی کاپیاں، حالیہ پاسپورٹ سائز تصویریں، بیوی اور اٹھارہ سال سے زائد عمر کے بچوں کے میڈیکل کلیئرنس سرٹیفکیٹ، شوہر کا ملازمت کا معاہدہ، ماہانہ تنخواہ کی وضاحت کرنے والا آجر کا جاری کردہ سیلری سرٹیکفیٹ، تصدیق شدہ میرج سرٹیفکیٹ، بچوں کے تصدیق شدہ برتھ سرٹیفکیٹ، رجسٹرڈ ٹیننسی (کرایہ دار کا) کنٹریکٹ اور فیملی کے ہر رکن کے لیے ایمیریٹس آئی ڈی ایپلی کیشن فارم جمع کرانا لازم ہے۔