299

دودھ اور دہی کی قیمتو ں میں اضافے کی تیاریاں

پشاور۔صوبائی دارالحکومت میں شیر فروشوں کی تنظیموں اور متعلقہ اداروں کی ملی بھگت سے دودھ اور دہی کی قیمتوں میں اضافے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ٗ دودھ کی فی کلو قیمت میں 20اور دہی فی کلو 15روپے مہنگا کیا جا رہا ہے ڈائریکٹر لائیو سٹاک پشاور نے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے قیمتوں میں اضافے پراتفاق بھی کر لیا ہے تاہم محکمہ خوراک نے اختلافی نوٹ لکھتے ہوئے دودھ مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ڈائریکٹر لائیو سٹاک پشاور ڈاکٹر معصوم شاہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک محمد اکرام صدر کنزیومر پروٹیکشن کونسل ٗ فدا حسین شیر فروش ٗ ضیاء حسین جنرل سیکرٹری ملک ایسوسی ایشن ٗ حاجی عبدالشکور سیکرٹری پشاور اور اسسٹنٹ فوڈ انسپکٹر نے شرکت کی اس موقع پر شیر فروشوں کی دکانوں میں صفائی ٗ دودھ کی سٹوریج سمیت دیگر قواعد و ضوابط وضع کئے گئے جبکہ پشاور میں فروخت ہونے والا پنجاب کا دودھ جو 70اور دہی 85روپے میں فروخت ہو رہا ہے کی قیمت بڑھانے کا عندیہ دیا گیا ۔

اور دودھ کی قیمت میں 20روپے اضافے کے بعد دودھ فی کلو 90جبکہ دہی کی قیمت میں 15روپے اضافے کے ساتھ فی کلو 85کی بجائے 100روپے کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا تاہم محکمہ خوراک کے اسسٹنٹ فوڈانسپکٹر نے نئے نرخوں سے عدم اتفاق کیا اور اختلافی نوٹ لکھا واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ پرائس ریویو کمیٹی کے چیئرمین ڈپٹی کمشنر جبکہ راشننگ کنٹرولر بحیثیت سیکرٹری کمیٹی کے ممبر ہیں تاہم مذکورہ میٹنگ کی صدارت ڈی سی کی بجائے ڈائریکٹر لائیو سٹاک پشاور ڈاکٹر معصوم شاہ نے کی ڈاکٹر معصوم شاہ کانقطہ نظر معلوم کرنے کیلئے جب ان سے موبائل پر رابطہ کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے میٹنگ میں مصروف ہونے کا ٹیکسٹ پیغام بھجوا دیا ۔