23

آبادی بڑھانے کی حکومتی کوششوں کے باوجود چین میں شادی کے رجحان میں کمی

بیجنگ: چین کو جہاں نوجوانوں کی گھٹتی ہوئی آبادی کا سامنا ہے وہاں رواں سال شادی کرنے والے افراد کی تعداد میں مزید کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ 

غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین میں نوجوان آبادی کی کمی پر قابو پانے اور آبادی کو مزید بڑھانے کے لیے لوگوں کو شادی کرنے کی ترغیب دی جارہی ہے مگر اس کے باوجود رواں سال رجسٹر ہونے والی شادیوں کی تعداد میں کمی دیکھنے کو ملی ہے۔

چینی حکام کا بتانا ہے کہ رواں سال کے ابتدائی 9 ماہ میں سامنے آنے والے اعدادوشمار کے مطابق اب تک 47 لاکھ شادی شدہ جوڑے رجسٹر ہوئے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 9 لاکھ 49 ہزار کم ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سال 2023 کے ابتدائی 9 ماہ میں رجسٹر ہونے والے شادی شدہ جوڑوں کی تعداد تقریباً 57 لاکھ کے قریب تھی جو 2022 کے مقابلے میں زیادہ تھی مگر رواں سال اس میں کمی دیکھنے کو ملی ہے۔ 

نوجوانوں کی جانب سے شادی کرنے کے رجحان  میں کمی کی وجہ معاشی عدم استحکام، مہنگائی اور اس عوامل کی وجہ سے خاندانی نظام کو سنبھالنے میں مشکلات ہیں۔