189

مسافر گاڑیوں میں لگی غیر قانونی اشیاء کیخلاف آپریشن

کوہاٹ ۔کوہاٹ ٹریفک پولیس نے مسافرگاڑیوں میں لگی غیر قانونی اشیاء کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کردیا ہے۔پریشر ہارن،موسیقی کے آلات، فلش لائٹس اور غیر ضروری ڈیکوریشن کے خلاف خصوصی مہم کے دوران بڑی تعداد میں ممنوعہ سامان اتار کرقبضے میں لی گئیں۔ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کی طرف سے جامع اصلاحات کے تحت عوامی فلاح و قانون کی عملداری اور ٹریفک کی مد میں شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے میں اٹھائے گئے ۔

مؤثر اقدامات کی روشنی میں ڈی ایس پی سٹی رضا محمدکی زیر نگرانی خصوصی مہم کا آغاز کرتے ہوئے کوہاٹ ٹریفک پولیس کے انچارج محمد وقاص نے ماتحت عملے کے ہمراہ شہر کی مختلف شاہراہوں پرچلنے والی مسافر گاڑیوں میں لگے پریشر ہارن،فلش لائٹس، موسیقی کے آلات ، ڈیکوریشن اور دیگر ممنوعہ اشیاء کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کرتے ہوئے ایک ہی روز میں مجموعی طور پر سو سے زائد چھوٹی بڑی گاڑیوں سے مذکورہ غیر قانونی اشیاء اتار کر قبضے میں لے لئے اور ان گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو متعلقہ قوانین کے مطابق چالان کردیا گیا۔

ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے انسان کی جسمانی،نفسیاتی و ذہنی صحت کیلئے انتہائی نقصان دہ اورماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی غیر قانونی آلات کی حامل ایسی گاڑیوں کے خلاف کاروائی کے حوالے سے بتایا کہ گاڑیوں میں لگی ایسے غیرقانونی آلات کے خلاف آپریشن کا مقصد شہر کے ٹریفک نظام کوقانون کے مطابق جدید خطوط پر استوار کرکے انسانی صحت کیلئے نقصان دہ عوامل کا خاتمہ یقینی بنانا ہے۔