140

شیری رحمان سینٹ میں اپوزیشن لیڈر نامزد

اسلام آباد۔ پیپلزپارٹی نے شیری رحمان کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نامزد کردیا۔سینیٹ الیکشن میں اپوزیشن کے حمایت یافتہ صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں کامیاب ہوئے جب کہ پیپلزپارٹی کے سلیم مانڈوی والا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے۔سینیٹ میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کے بعد اب بڑی جماعتوں نے اپنا اپوزیشن لیڈر لانے کے لیے کوششیں شروع کردی ہیں۔ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی نے شیری رحمان کو ایوانِ بالا میں اپوزیشن لیڈر نامزد کردیا ہے جب کہ بلاول بھٹو زرداری نے اس حوالے سے مزید مشاورت کے لیے پارٹی کی سینئر قیادت کو زرداری ہاوس بھی طلب کرلیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے شیری رحمان کی اپوزیشن لیڈر نامزدگی کے بعد پارٹی نے مطلوبہ حمایت کے حصول کے لیے سیاسی جماعتوں سے رابطے شروع کردیئے ہیں۔

104رکنی ایوان میں پیپلزپارٹی کے ارکان کی تعداد 20 ہے جب کہ فاٹا کے 6 سینیٹرز نے بھی اپوزیشن لیڈرکے لئے شیری رحمان کی حمایت کرتے ہوئے ریکوزیشن پردستخط کر دیئے ہیں اور فاٹا کے تعاون کے بعد شیری رحمان کو اپوزیشن لیڈر کے لیے 26 سینیٹرز کی حمایت مل گئی۔واضح رہے کہ سینیٹ میں اس سے قبل قائد حزب اختلاف پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن تھے جب کہ نامزد اپوزیشن لیڈر شیری رحمان امریکا میں پاکستان کی سفیر بھی رہ چکی ہیں۔