79

زرداری اورنیازی ملکربھی ہم پرنہیں ہیں بھاری، شہبازشریف

اسلام آباد۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے نو منتخب صدر اور پنجاب کے وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف ہی وہ پاکستانی سیاست ہیں جنہیں قائداعظم کا سیاسی وارث قرار دیا جا سکتا ہے،ہمیں بڑا چیلنج درپیش ہے، اپنے عمل سے تمام رکاوٹوں کو دور کرنا ہے، تمام مسائل کا حل پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنانے میں مضمر ہے، قائد نواز شریف کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے جس کا ازالہ ایک دن ضرور ہو گا، خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ تبدیلی کے نام بہت بڑا فراڈ ہوا ہے ۔

نواز شریف جیسا قائد(ن)لیگ کیلئے نہیں بلکہ پاکستانی عوام کی خوش قسمتی ہے، نواز شریف کل بھی ہمارے قائد تھے، آج بھی ہیں اور کل بھی رہیں گے، بطور پارٹی صدر انتخاب میری زندگی کا مشکل مگر اہم مرحلہ ہے۔منگل کو شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کی مرکزی جنرل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد نواز شریف، راجہ ظفر الحق، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتا ہوں مجھے پارٹی صدر منتخب کرنے پر، میرے لئے یہ اعزاز کا باعث ہے کہ گزشتہ ہفتے مسلم لیگ (ن) کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی سے صدر منتخب کرنے کے بعد آج مجھے مسلم لیگ (ن) کا باقاعدہ صدر منتخب کیا گیا ہے۔

یہ اہم اور مشکل مرحلہ ہے، میری زندگی کا، میں نے ہمیشہ نواز شریف سے رہنمائی حاصل کی، مجھے اس امر کااحساس ہے اور اظہار کرتا ہوں کہ پارٹی کا کوئی رکن نواز شریف کی جگہ لینے کا تصور بھی نہیں کر سکتا، نواز شریف کل بھی ہمارے قائد تھے، ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے، یہ پاکستان کے عوام کی خوش قسمتی ہے کہ ان کو نواز شریف جیسا قائد ملا، نواز رشی فکو ہی قائداعظم کا سیاسی وارث قرار دیا جا سکتا ہے۔

ایٹمی دھماکوں کے ذریعے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا اور امریکی پانچ ارب ڈالر کو رد کر دیا، ملک میں موٹرویز بنائیں، کسان دوست پالیسیز اور دیگر نواز شریف کے کارنامے ہیں جس کو تاریخ ید رکھے گی، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بھی نواز شریف نے اہم کردار ادا کیا، لوڈشیڈنگ ختم کر دی، مستقبل کا مورخ نواز شری فکو مدبر اور محترم رہنما تسلیم کرنے پر مجبور ہو جائے گا، جب ہم دوسرے صوبوں کی ترقی کی بات کرتے ہیں توسب سے زیادہ افسوس کے پی کے عوام پر آتا ہے۔

کے پی کے عوام سے تبدیلی کے نام پر دھوکہ ہوا ہے، پاکستان کی تعمیر میں غیر مسلم بھائیوں کا بڑا کردار ہے، اس سفر میں مسلم لیگ (ن) کو اقلیتوں کا ساتھ حاصل ہے، یہ سفر ہمیشہ جاری رہے گا، یہ میرے لئے اعزاز ہے کہ نواز شریف نے مجھے اپنے منصب پر فائز کر نے کیلئے چنا، میرا دل اور دماغ سوال کر رہے ہیں کہ کون نواز شریف کی جگہ لے سکتا ہے؟ پاکستانی عوام نواز شریف سے محبت کرتے ہیں۔

یہ میرے لئے ایک چیلنج ہے اور سنگینی کے احساس کے باوجود مجھے اپنے قائد کی سرپرستی اور پاکستان کی عوام کی دعاؤں پر بھروسہ ہے، میں نے تیس برس سے زائد پاکستان کی خدمت کی اور یہ مرا سرمایہ ہے، قائد کی لیڈر شپ میں میں اپنے کاموں کی ادائیگی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھوں گا، آپ سب کا میں شکرگزار ہوں، مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور نوجوانوں کا شکریہ گزار ہوں، آپ لوگ ہمارا سرمایہ ہیں اور ہر موقع پر قربانی دی ہے، میں ان کو سلام پیش کرتا ہوں، آج کا دن مبارکبادیں دینے کا دن نہیں ہے۔

ہمارے لیڈر کو ناانصافی کانشانہ بنایا گیا، پاکستان کے قائد کو انصاف ملے گا اور اس زیادتی کا ازالہ ہو گا، (ن) لیگ علامہ اقبال اور قائداعظم کے نشریات کی جماعت ہے، پاکستان کے دکھوں کا مداوا پاکستان کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست میں بنانے میں ہے، ہمیں پاکستان کی ترقی کیلئے دن رات ایک کرنا ہو گا، ہم نے جمہوریت کے تسلسل کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہے، ہمیں خود پر کامل یقین ہے، نیازی اور زرداری ملک کر بھی ہم پر حاوی نہیں ہے، نواز شریف کا ایک بار پھر شکریہ ادا کرتا ہوں۔