7

غیرقانونی سمز کیخلاف پی ٹی اے کا آپریشن تیسرے مرحلے میں داخل

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا غیر قانونی سمز کے خلاف آپریشن تیسرے مرحلے میں داخل ہو گیا۔

پی ٹی اے کے مطابق فوت شدہ افراد کے نام پر جاری سمز منگل کو بند کر دی جائیں گی۔ پی ٹی اے نادرا سے حاصل ریکارڈ کی مدد سے غیرقانونی سمز کے خلاف ایکشن لے رہا ہے۔

غیرقانونی سمز کے خلاف پی ٹی اے کا آپریشن تیسرے مرحلے میں داخل ہو گیا۔ فوت شدہ افراد کے اہلخانہ کو سمز منتقلی کے لیے 15 اکتوبر تک مہلت دی گئی تھی تاہم مہلت کے آخری روز بھی اہلخانہ سمز اپنے نام کرواسکتے ہیں۔

ترجمان کے مطابق سمز منتقل کرانے کے لیے فوت شدہ افراد کا ڈیٹھ سرٹیفکیٹ لازم ہے۔ جبکہ فوت شدہ افراد سے تعلق کا ثبوت، اصلی سم اور سم زیر استعمال ہونے کا ثبوت بھی لازم ہے۔

خیال رہے کہ پی ٹی اے دوسرے مرحلے میں 2017 سے پہلے زائد المیعاد شناختی کارڈز پر جاری سمز بند کرچکا ہے۔ پی ٹی اے منسوخ شدہ اور جعلی شناختی کارڈز پر جاری تقریباً 70 ہزار سمز بھی بلاک کر چکا ہے۔