پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنماؤں راجہ بشارت، عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کی راہداری ضمانت منظور کرلی۔
پی ٹی آئی رہنما اور رکن اسمبلی راجہ بشارت کی راہداری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی جو کہ جسٹس فہیم ولی کے روبرو ہوئی۔
وکیل درخواست گزار عالم خان ادینزئی نے کہا کہ میرے موکل پر ٹیکسلا میں دہشت گردی کا مقدمہ درج ہے، درخواست گزار پر سیاسی بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا ہے، درخواست گزار کے خلاف الزام بے بنیاد ہے، درخواست گزار متعلقہ عدالت میں پیش ہونا چاہتا ہے لیکن گرفتاری کا خدشہ ہے۔
عدالت نے راجہ بشارت کو تین نومبر تک ضمانت دے دی اور راجہ بشارت کو مقررہ متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
اسی طرح پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کی راہداری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی اور یہ بھی جج جسٹس فہیم ولی کے روبرو ہوئی۔
عدالت نے دونوں خواتین کی 8 نومبر تک راہداری ضمانت منظور کرلی۔