2

پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کرنے والے ممالک میں چین سرفہرست

گذشتہ 14 ماہ کے دوران پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کرنے والے ممالک میں چین سرفہرست رہا ہے۔

اس دوران چین کی جانب سے پاکستان میں 661 ملین ڈالر کی ایف ڈی آئی کی گئی ہے۔ عارف حبیب لمیٹڈ کی رپورٹ کے مطابق جولائی 2023 تا اگست 2024 کے دوران پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کرنے و الے دیگر بڑے ممالک میں برطانیہ اور امریکا بھی شامل ہیں جبکہ اس دوران جرمنی اور ناروے کی جانب سے کی جانے والی براہ راست سرمایہ کاری میں کمی واقع ہوئی ہے۔

اس عرصہ کے دوران چین کی جانب سے پاکستان میں 661 ملین ڈالر جبکہ برطانیہ کی جانب سے 313 ملین ڈالر اور امریکا کی جانب سے 160 ملین ڈالر کی ایف ڈی آئی کی گئی ہے۔

اعدادو شمار کے مطابق دیگر متفرق ممالک کی جانب سے اس عرصہ کے دوران 425 ملین ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کی گئی۔

اس طرح پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کرنے والے ممالک میں چین سرفہرست رہا ہے جبکہ مختلف ممالک کی مشترکہ سرمایہ کاری دوسرے نمبر پر رہی ہے۔