28

اسلام آباد میں پی ٹی آئی کا احتجاج، دفعہ 144 نافذ

ڈی چوک پر تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر سرگودھا اور اٹک میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ جبکہ کل اسلام آباد میں پرائیویٹ اسکولز اور جرمن سفارت خانہ بند رہیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 چار اکتوبر سے چھ اکتوبر تک نافذ العمل ہوگی، کسی کو بھی جلسے، جلوس کی اجازت نہیں ہوگی۔

دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ راولپنڈی کے داخلی اور خارجی راستوں کوسیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے میٹرو بس سروس معطل رہے گی، جبکہ موٹر وے ایم 1 اور ایم 2 مکمل طور پر بند ہو گی۔ ٹیکسلا ، چکری ، روات ، اے ڈبلیو ٹی سے بند ہو گا،ذرائع

ذرائع نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہوم ڈیپارٹمنٹ کو موبائل نیٹ ورک بند رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی پولیس کے 4 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہونگے، اینٹی رائڈ فورس کے دستے الگ سے تعینات کئے جائینگے۔ جبکہ پولیس کو آنسو گیس اور ربڑ کی گولیاں پہنچا دی گئیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کارکنان کو احتجاج کرنے کی صورت میں فوری گرفتار کیا جائے گا، راولپنڈی انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پی ٹی آئی احتجاج کی کال اورراستوں کی ممکنہ بندش پر رائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن نے کل اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

جنرل سیکرٹری پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن وحید خان نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، ہم آج بھی ڈپٹی کمشنر سے رابطے میں رہے ، دوپہر کے بعد ڈی سی سے کوئی رابطہ نہیں ہوا ، بچوں کو خوار نہیں کرنا چاہتے۔ آج بھی اسکول کے طلباء و طالبات کنٹینرز کی وجہ سے مشکلات کا شکار رہے ہیں۔

دوسری جانب اسلام آباد میں واقع جرمن سفارت خانے نے اعلان کیا ہے کہ موجودہ صورتحال کی وجہ سے اسلام آباد میں جرمن سفارت خانے کے ویزا سیکشن چار اکتوبر بروز جمعہ بند رہیں گے۔

جرمن سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ویزا کے درخواست دہندگان سے گزارش ہے کہ وہ اپنے اپائنمنٹ کیلئے حاضر نہ ہوں، اگلے ہفتے کے دوران اپائنٹمنٹس دوبارہ شیڈول کئے جائیں گے۔