284

ملک کی تیرہویں سینٹ نے حلف اٹھا لیا 

پشاور۔ملک کی تیرھویں سینٹ نے حلف اٹھالیاہے پاکستان میں پہلی باراگست 1973ء میں سینٹ کے انتخابات منعقد کرائے گئے پہلی سینٹ کے کل اراکین کی تعداد45تھی جس میں پیپلز پارٹی26نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی‘ نیشنل عوامی پارٹی نے8نشستیں حاصل کیں نہ صرف دوسری بڑی پارٹی بن گئی بلکہ اپوزیشن لیڈر کا منصب بھی حاصل کرلیا۔

دوسرے انتخابات 1976ء میں ہوئے جبکہ 1985ء میں سینٹ کے تیسرے انتخابات ہوئے اس دور میں جنرل ضیاء کے بہت سے ساتھیوں کو ایوان بالا میں داخلہ کاموقع ملا 1988ء میں ایوان بالا کے چوتھے انتخابات منعقد ہوئے مارچ1991ء میں سینٹ کے پانچویں انتخابات کے نتیجہ میں آئی جے آئی( جس کی سب سے بڑی پارٹی مسلم لیگ تھی) نے اکثریت حاصل کرلی چھٹے انتخابات 1994ء میں منعقد ہوئے مارچ1997ء میں سینٹ کے انتخابات مسلم لیگ ن جیت گئی اور ایوان بالا میں اپنی پوزیشن مستحکم بنالی۔

مارچ2003ء میں ایوان بالا کے آٹھویں انتخابات منعقد ہوئے اور مسلم لیگ ق 32 نشستیں لے کر سب سے بڑی پارٹی بن گئی 2006ء میں نویں انتخابات ہوئے سینٹ کی پارٹی پوزیشن میں خاص تبدیلی نہ آسکی ق لیگ نے برتری برقرار رکھی2009ء میں دسویں انتخابات ہوئے‘ پی پی پی نے سینٹ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرلی 2012ء میں 11ویں انتخابات ہوئے تو پی پی پی نے اپنی پوزیشن ایوان بالا میں مزید مضبوط کرلی ،ایوان بالا کے بارہویں انتخابات مارچ 2015ء میں ہوئے جبکہ رواں سال سینٹ کے تیرھویں انتخابا ت میں مسلم لیگ ن سب سے بڑی جماعت بن کرسامنے آئی ہے ۔