288

امام کعبہ اہم شخصیات سے ملاقاتوں کے بعد واپس روانہ

اسلام آباد۔ سعودی حکومت نے بلا تفریق و تعصب تمام حج و عمرہ زائرین کے لئے اپنے دروزے ہمیشہ کھلے رکھے ہیں۔ یہ بات امام حرمین شریفین الشیخ صالح بن محمد بن ابراہیم آل طالب نے گذشتہ روز وزارت کے زیر اہتمام ایک ظہرانے سے خطاب کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مفادات، مسائل اور درپیش چیلنجز ایک جیسے ہیں۔ دونوں حکومتیں اور عوام ایک دوسرے کے ہم خیال ہیں۔

ہم باہمی تعاون کو مزید بڑھانے کیلئے تیار ہیں۔ امام کعبہ نے اپنے خطاب میں پاکستانی عوام کی جانب سے محبت اور فقید المثال استقبال پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم آئندہ حج پر اللہ کے مہمانوں کے استقبال کیلئے تیار ہیں۔ تاہم حج جیسی عبادت کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کی اجازت بالکل نہیں دی جا سکتی۔ امام کعبہ نے پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لئے خصوصی دعا بھی کی۔

اس سے قبل سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے معزز مہمان کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حج و عمرہ زائرین کی خدمت اہل سعودی عرب پر اللہ تعالیٰ کا خاص انعام ہے۔ سعودی حکومت مسلم امہ کے اتحاد میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ میری شاہ سلمان سے دو دفعہ ون ٹو ون ملاقات میں اہم باہمی امور پر تبادلہ خیال ہو چکا ہے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے وزارت کو اپنا قیمتی وقت دینے پر امام کعبہ کا شکریہ ادا کیا اور واضح کیا کہ حرمین شریفین کے ساتھ ہر مسلمان دلی عقیدت رکھتا ہے۔ وہاں سے آنے والے تمام مہمان خصوصاً امام حرمین شریفین نہایت اہمیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا، مصر اور متحدہ عرب امارات کے سفیروں، وزراء ، سنیٹرز ، ارکان قومی اسمبلی اور علماء و مشائخ کا ظہرانے میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے آخر میں معزز مہمانوں کو یادگاری شیلڈز اور تحائف پیش کئے گئے۔ بعدازاں وفاقی وزیر مذہبی امور نے امام کعبہ کو وطن واپسی کیلئے ایئرپورٹ پر الوداع کیا۔