286

نیب کا بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کی جانچ پڑتال کا فیصلہ

اسلام آباد۔قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال کی صدارت میں ایک اجلاس نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آبادمیں منعقد ہوا ۔اجلاس میں مندرجہ ذیل فیصلے کئے گئے۔اجلاس میں سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے افسران کے خلاف ہائر ایجو کیشن کمیشن کے چئرمین مختار احمد کی مبینہ غیر قانونی تقرری کی شکایت کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا گیاہے ۔

اجلاس میں خیبر پختون خواہ حکومت کی متعلقہ اتھارٹی کے خلاف بلین ٹری سونامی پراجیکٹ میں مبینہ خرد برد کی شکایت کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا گیاہے۔ اجلاس میں نیب میں جاری راولپنڈی /اسلام آباد میں غیر قانونی طور پر قائم نجی کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف متعلقہ اداروں ، سی ڈی اے ، آر ڈی اے اور آئی سی ٹی کی طرف سے غیر قانونی طور پر قائم نجی کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف کاروائی خصوصاََ عوام کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی کی صورتحال اور نیب میں غیر قانونی نجی کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف جاری انکوائریوں اور انوسٹی گیشن پر اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔ 

چیئر مین نیب نے ڈی جی نیب راولپنڈی کوہدایت کی کہ عوام کی عمر بھر کی لوٹی گئی جمع پونجی کی واپسی نہ صرف یقینی بنانے میں قانون کے مطابق اقدامات اٹھائے جائیں بلکہ نیب میں جاری تمام انکوائریوں اور انوسٹی گیشنز کو بر وقت مکمل کر کہ بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔ چئیرمین نیب نے سی ڈی اے، آر ڈی اے اور آئی سی ٹی کوہدایت کی کہ وہ سادہ لوح عوام کو غیر قانونی نجی اور کوآپریٹو ہاؤ سنگ سوسائٹیز کے متعلق نہ صرف بر وقت آگاہی فراہمی کریں تاکہ وہ کسی بھی قسم کی دھوکہ دہی کا شکار نہ ہوں۔

چیئر مین نیب نے سی ڈی اے، آر ڈی اے اور آئی سی ٹی کوہدایت کی کہ راولپنڈی /اسلام آباد میں قائم نجی اور کوآپریٹو ہاؤ سنگ سوسائٹیز کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کی تفصیلات اپنی ویب سائٹ پر بھی لگائیں۔ چئیرمین نیب نے عوام سے بھی کہا کہ وہ اپنی عمر بھر کی جمع پونجی صرف اور صرف قانون کے مطابق قائم نجی اور کوآپریٹو ہاؤ سنگ سوسائٹیز میں پوری تسلی اور اطمینان کے بعد لگائیں۔