264

امریکہ میں پاکستانی ڈاکٹر کیلئے بہترین محقق کا اعزاز 

ٹیکساس ۔امریکا میں مقیم پاکستانی ڈاکٹر فیصل چیمہ نے ٹیکساس کے بروک مین میڈیکل ریسرچ فانڈیشن کی جانب سے تحقیق کے لیے 4 ملین ڈالر کا اعزاز جیت لیا۔ یہ رقم دل کے ٹرانسپلانٹ سے متعلق جدید ریسرچ پر خرچ کی جائے گی اور ڈاکٹر فیصل چیمہ اپنے ساتھی ڈاکٹر جیفری مورگن کے ساتھ مل کر تحقیق کریں گے۔پاکستان کے علاقے حافظ آباد سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر فیصل چیمہ نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی علاقے سے حاصل کی اور بعدازاں کراچی میں آغا خان یونیورسٹی سے میڈیکل کی تعلیم حاصل کی۔

ڈاکٹر فیصل چیمہ اعلی تعلیم اور تحقیق کے سلسلے میں امریکا کی بڑی یونیورسٹیوں سے وابستہ رہے، جن میں کولمبیا یونیورسٹی، جون ہوپکنسز یونیورسٹی، میری لینڈ یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا برکلی شامل ہیں۔ان کے 110 سے زائد تحقیقاتی مقالے بین الاقوامی شہرت یافتہ طبی جرنلز میں چھپ چکے ہیں۔ڈاکٹر فیصل چیمہ پاکستان میں اعضا عطیہ کرنے کے پروگرام کی بنیاد ڈالنا چاہتے ہیں اور ان کا مشن ہے کہ پاکستان میں دل اور پھیپھڑوں کے ٹرانسپلانٹ میں جدیدیت کو متعارف کروا کے امراض قلب پر قابو پایا جاسکے۔