275

انتخابا ت کیلئے نئی حلقہ بندیوں سے متعلق تحفظات ہیں‘ آفتا ب شیر پاؤ 

ُُُُُُُُپشاور۔ قومی وطن پارٹی نے نئی حلقہ بندیوں پرشدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے خلاف سیاسی اورپر امن جدوجہد کی جائے گی ۔انھوں نے کہا کہ پارٹی کارکن اپنی تمام تر توجہ آنے والے انتخابات کی تیاریوں پر مرکوز کرے اور پارٹی پروگرام گھر گھر پہنچانے کا سلسلہ تیز کیا جائے۔

قومی وطن پارٹی کا ایک اجلاس وطن کور پشاور میں منعقد ہوا جس کی صدارت پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر پارٹی کے مرکزی رہنماء،صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ ،صوبائی جنرل سیکرٹری ہاشم بابر صوبائی کابینہ کے اراکین،زونزاور صوبہ کے تمام اضلاع کے چیئرمین و جنرل سیکرٹریز اور پارٹی ونگز کے چیئرمین نے شرکت کی۔

اجلاس میں دو نکاتی ایجنڈا جس میں نئی حلقہ بندیوں سے پیدا ہونے والی صوتحال اور پارٹی کے تنظیمی امور پر سیر حاصل بحث کی گئی اس موقع پرآفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا کہ کارکن اپنی تمام تر توانائیاں آنے والے انتخابات کی تیاریوں پر مرکوزکریں تاکہ بروقت وہ عوام کے سامنے پارٹی پروگرام پیش کرکے ان کو یکجا کرسکے۔

انھوں نے کہا کہ اگرچہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نئی حلقہ بندیاں سیاسی پارٹیوں،ووٹروں اور عوام کیلئے مشکلات کا باعث ہیں لیکن اس کے خلاف جدوجہد کے ساتھ ساتھ پارٹی کارکن انتخابات کی تیاریاں بھی زور و شور سے جاری رکھیں قومی وطن پارٹی سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور وہ پر امن طریقے سے حلقہ بندیوں کے خلاف اپنے شکایات درج کرائے گی۔