329

سعودی عرب نے روہنگیا پناہ گزینوں کی امدادکیلئے ٹیم روانہ کردی 

ریاض ۔ شاہ سلمان امدادی مرکز کی سروے ٹیم نے بنگلہ دیش میں روہنگیا کے پناہ گزینوں کے کیمپ کا دورہ کیا۔ سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر جاری ظلم و ستم کے سبب وہاں سے لاکھوں روہنگیا مسلمانوں نے بنگلہ دیش میں پناہ لے رکھی ہے۔

پناہ گزینوں کی دیکھ بھال اور انہیں ضرورت کی اشیاء پہنچانے کیلئے شاہ سلمان امدادی سینٹر کی جانب سے مختلف ٹیمیں گئی ہوئی ہیں جو وہاں پناہ گزینوں کی ضرورت کی اشیاء فراہم کرتی ہیں۔

امدادی سینٹر کی جانب سے انسانی ہمدردی کے تحت کمبل ، ادویات ، خیمے ، اشیائے خورونوش اور دیگر سامان کی ترسیل کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے امدادی سینٹر کی ٹیمیں وقتا فوقتا پناہ گزینوں کے کیمپوں کا دورہ کرکے اپنی رپورٹ سے مطلع کرتی ہیں جس کے مطابق امدادی اشیاء فوری طور پر روانہ کر دی جاتی ہیں ۔