306

خیبرپختون خوا کی جیلوں میں قید 45 ملزمان میں ایڈز کا انکشاف

پشاور: خیبرپختون خوا کی مختلف جیلوں میں قید 45 ملزمان کے موذی مرض ایڈز میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔  

غیرملکی خبررساں ادارے نے انکشاف کیا ہے کہ خیبرپختون خوا کی جیلوں میں قید 45 افراد ایڈز کے مرض میں مبتلا ہیں۔ انسپیکٹر جیل خانہ جات شاہد اللہ خان نے برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گزشتہ ماہ سے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ قیدیوں میں خطرناک بیماریوں کی تصدیق کے لئے اسکریننگ کی جارہی ہے، اسکریننگ کے بعد آنے والی اب تک کی رپورٹس کے مطابق مختلف جیلوں میں قید 45 ملزمان ایسے ہیں جن میں ایڈز کی تصدیق ہوچکی ہے اور ان میں سب زیادہ ضلع صوابی کی جیل کے قیدی ہیں جن کی تعداد 19 ہے، رپورٹ میں 60 قیدیوں میں ٹی بی کا مرض ہونے کا انکشاف ہوا ہے جب کہ درجنوں افراد ہیپاٹائٹس کے مرض میں مبتلا ہیں۔

انسپیکٹر جیل خانہ جات نے بتایا کہ اس وقت صوبے کی جیلوں میں 11 ہزار سے زیادہ قیدی موجود ہیں جن کے مہلک بیماریوں کے حوالے سے معائنے کیے جا رہے ہیں، اور قیدیوں میں ایڈز جیسی بیماریوں کے بھیانک انکشاف کے بعد  اب قیدیوں کی اسکریننگ یا طبی معائنہ مستقل طور پر جاری رہے گا، جب کہ جن ملزمان میں مختلف مہلک و موذی امراض کی تصدیق ہوئی ہے ان کے علاج کے لئے مربوط لائحہ عمل تیار کیا جارہا ہے، اور ابتدائی مراحل میں مہلک بیماریوں میں مبتلا قیدیوں کے لئے متبادل جگہ کا انتظام کیا جائے گا تاکہ دیگر قیدیوں کو بیماریوں سے بچایا جاسکے۔

شاہد اللہ خان کے مطابق  جلد ہی صوبے میں قیدیوں کے لیے تشخیصی مرکز قائم کیا جا رہا ہے جہاں قیدیوں کو مکمل طبی معائنے سے گزارا جائے گا اور اس میں نفسیاتی معائنہ بھی شامل ہے۔