20

امریکہ نیتن یاہو کو فلسطینیوں کے قتل عام کیلئے وقت دے رہا ہے، حماس

حماس کے سیاسی بیورو رکن اسامہ حمدان کا کہنا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی اور اسیروں کے تبادلے سے متعلقہ کوئی بھی نئی امریکی شرط اسرائیلی عوام کے غصے کو کم کرنے اور فلسطینیوں کو مزید قتل کرنے کیلیے وقت دینے کا بہانہ ہوگا۔

حماس کے سیاسی بیورو رکن اسامہ حمدان کاقطری چینل الجزیرہ سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جو بائیڈن کی معاہدے کے حوالے سے کسی نئی پیشکش کی اطلاع مجھے میڈیا سے ملی ہے۔

امریکہ نے صرف ثالث ممالک سے رابطے جاری رکھے ہوئے ہیں البتہ وہ اس جنگ میں اسرائیل کا اتحادی ہے جس نے اسرائیلی وزیر اعظم پر دباؤ ڈالنے کی بھی خاص کوشش نہیں کی۔

حماس کے سیاسی بیورو رکن کا کہنا تھا کہ اسرائیلی قیدیوں کی رہائی اسرائیل کی شرائط پر ممکن نہیں ہوگی، حملوں کے مکمل خاتمے اور غزہ سے اسرائیلی فوج کے انخلا تک اسیر اپنے گھروں کو واپس نہیں جائیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ امریکہ کا پیشکش کے حوالے سے بیان اسرائیل -امریکہ ناکامی کا نتیجہ ہے جو کہ صرف اسرائیلی عوام کے غصے کو کم کرنے سمیت مزید فلسطینوں کا قتل کرنے کیلیے نیتین یاہو کومزید وقت فراہم کرے گا۔

حماس کے رکن حمدان نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ حماس نے فلاڈیلفی راہداری میں اسرائیلی فوج کی موجودگی کے ہر فارمولے کو مسترد کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے دو ستمبر کی اپنی اشاعت میں ایک نامعلوم عہدیدار کے حوالے سے خبر میں لکھا تھا کہ بائیڈن انتظامیہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے ایک نئی تجویز پیش کرنے کی تیاریوں میں مصروف ہے۔