17

اے این پی کا کے پی میں کرپشن کے معاملے پر وائٹ پیپر جاری کرنے کا اعلان

عوامی نیشنل پارٹی نے خیبرپختونخوا میں کرپشن پر وائٹ پیپر جاری کرنے کا اعلان کردیا۔ پارٹی کے صوبائی ترجمان ارسلان خان ناظم نے کہا ہے کہ حکومت کرپشن کو روکنے کے بجائے خود کرپشن میں ملوث ہوچکی ہے۔ وزراء اور وزیر اعلیٰ ایک دوسرے پر کرپشن کے الزامات لگا رہے ہیں۔

ارسلان خان ناظم نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ اور ان کے بھائی صوبے میں جاری منظم کرپشن کے ماسٹر مائنڈ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چوری کے مال پر لڑائياں ہورہی ہیں، حکومتی اراکین ایک دوسرے پر الزامات لگا رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ سیکرٹریز اور ڈی سی و اے سی کی تقرریوں تک کے ریٹ فکس کئے گئے ہیں۔ اساتذہ کے تبادلوں سے لیکر تمام اہم سرکاری عہدوں، لیز اور ٹھیکوں کیلئے پیسے لئے جارہے ہیں۔

اے این پی خیبرپختونخوا کے ترجمان نے مزید کہا کہ محکمہ صحت میں ادویات اور میڈیکل گلوز کی خریداری تک میں کرپشن کی جارہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بیڈ گورننس سے سرکاری ادارے کمزور تر ہوتے جارہے ہیں، عوام کا اعتماد ختم ہورہا ہے۔