545

عاصمہ رانی قتل کیس؛ ملزم مجاہد آفریدی پاکستانی حکام کے حوالے

اسلام آباد: کوہاٹ میں قتل کی گئی طالبہ عاصمہ رانی کے قتل کے مرکزی ملزم مجاہد آفریدی کو انٹرپول نے شارجہ سے گرفتار کرکے پاکستانی حکام کے حوالے کردیا۔

 ملزم مجاہد آفریدی کو اسلام آباد کے بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر خیبر پختون خوا کی علاقے کوہاٹ کی اسپیشل پارٹی کے حوالے کیا گیا۔ خیبر پختون خوا کے ڈی پی او نے ملزم کو پولیس کے حوالے کیے جانے کی تصدیق کی ہے، ملزم کی حوالگی کے وقت ایف آئی اے کی ٹیم بھی موجود تھی۔

کوہاٹ میں رشتے سے انکار پر میڈیکل کی طالبہ عاصمہ رانی کو اس کا پڑوسی مجاہد آفریدی قتل کرکے شارجہ فرار ہوگیا تھا، کے پی کے پولیس کی درخواست پر ایف آئی اے نے انٹرپول کے ذریعے ملزم کے وارنٹ جاری کرائے جس پر شارجہ پولیس نے ملزم کو دو روز قبل گرفتار کرکے انٹرپول کے ذریعے آج پاکستان کے حوالے کردیا۔

واضح رہے کہ عاصمہ رانی کو 27 جنوری کو قتل کیا گیا تھا، واقعے کے بعد ملزم کے بھائی کو اعانت جرم میں گرفتار کرلیا گیا تھا جو تاحال زیر حراست ہے۔