17

شریف برادران اپنے آئی پی پیزکے پیسے ختم کردیں تو بل میں 25 روپے یونٹ کمی ہوسکتی ہے: حافظ نعیم

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نےکہا ہےکہ شریف برادران  اپنے آئی پی پیز کے پیسے تو  ختم کریں، اگر وہ آئی پی پیز کے  پیسے  ختم کرتے ہیں تو بل میں 25 روپے فی یونٹ کمی ہوسکتی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جوبجلی بن نہیں رہی استعمال نہیں ہو رہی عوام اس کے پیسے دے رہے ہیں، مخصوص طبقہ آئی پی پیز کے نام پر مراعات حاصل کر رہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ  آئی پی پیز کے مگرمچھ ٹیکس نہیں دیتے، 5 آئی پی پیز کے معاہدے پورے ہوچکے ہیں ان کو فارغ کریں، یہ سب لوگ معاہدوں پر آپس میں ملے ہوئے ہیں ، یہ تنخواہ دار طبقے سے کہتے ہیں ٹیکس دو۔

 امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ شریف برادران اپنے آئی پی پیز کے پیسے تو ختم کریں، اگر وہ آئی پی پیز کے پیسے ختم کرتے ہیں تو 25 روپے فی یونٹ بل میں کمی ہوسکتی ہے، چین ہمارا دوست ہے اس کے اور  بھی اسٹیکس ہیں، چین سے بات ہو سکتی ہے، ایسی بات نہیں کہ چین بات نہ سنے، لیکن  یہ جب خود اپنے لیےکچھ کرنے کو تیار نہیں تو چین سے کیا بات کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ  تاجروں کا ہڑتال کرنا آسان نہیں ہے، جماعت اسلامی کے کارکن تاجروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔