14

ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ، 3 جاں بحق

جنوبی ایران میں پاکستانی زائرین کو لے جانے والی بس ایک ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 48 دیگر زخمی ہو گئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ نے ایران کی خبررساں ایجنسی ’ارنا‘ کا حوالہ دے کر بتایقا کہ پاکستانی زائرین اربعین میں شرکت کے لیے ایران کے راستے عراق جا رہے تھے۔

ایرانی نیوز ایجنسی کے مطابق ایک بس صوبہ فارس کے شہر نیریز اور کرمان صوبے کے سرجان کے درمیان مرکزی سڑک پر ایک ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 48 زخمی اورتین زائرین جاں بحق ہوگئے۔

یہ نہیں بتایا گیا کہ بس میں کتنے لوگ سوار تھے۔ فارس ٹریفک پولیس کے ایک اہلکار کرنل عبدل ہاشم دہغنی نے بتایا کہ حادثہ بریک میں ”تکنیکی خرابی“ اور ڈرائیور کی ”گاڑی کو کنٹرول کرنے میں ناکامی“ کی وجہ سے پیش آیا۔

علاوہ ازیں ایران کی مہر نیوز اردو نے نیریز کے گورنر یعقوب خسروانی کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس واقعے میں 4 پاکستانی زائرین جان کی بازی ہار گئے جب کہ 30 زخمی ہوئے۔

واضح رہے کہ ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں یہ دوسرا بڑا حادثہ ہے۔ 21 اگست کو ایرانی شہر یزد میں پاکستانی زائرین کی بس خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی تھی جس کے نتیجے میں 28 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

ایران سے عراق جانے والی زائرین کی بس ایران کے شہر یزد میں خوفناک حادثے کا شکار ہوئی، جس میں 53 زائرین سوار تھے۔