187

جہاں سیاست بدنام ہو وہ ملک ترقی نہیں کرسکتا، وزیر اعظم

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جس ملک میں سیاست بدنام ہو وہ ملک کبھی ترقی نہیں کرسکتا اور ہمیشہ صرف وہی ملک ترقی کرتا ہے جس میں سیاست کو اس برائی سے پاک رکھا جائے اور ہماری حکومت نے ایسا ہی کیا۔

تربیلا 4 ہائیڈرو منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کا سفر جاری رہے گا تو پاکستان ترقی کرے گا اور ہمیں یہ پیغام عوام تک پہنچانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات کے دوران ہم نے فیصلہ کیا کہ ووٹ دینے کے لیے کسی کو ایک روپیہ بھی نہیں دیں گے کیونکہ ہم ملک اور سیاست کی بدنامی نہیں چاہتے تھے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہم نے سینیٹ انتخاب میں اس چیز کو استعمال نہیں کیا اور آج ہمارا چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں بھی ہم چاہتے ہیں کہ ایسا شخص آئے جو تمام معاملات کو بہتر انداز سے چلا سکے۔

انہوں نے کہا کہ جو شخص ایم پی ایز کو خرید کر سینیٹ تک پہنچا ہو اس نے پاکستان کی کیا خدمت کرنا ہوگی اور یہ سب فیصلہ عوام کا ہوتا ہے کہ وہ کسے منتخب کریں اور میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ سیاست کے فیصلے سڑکوں پر نہیں ہوتے بلکہ پولنگ اسٹیشن میں ہوتے ہیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وقت آرہا ہے کہ عوام فیصلہ کریں کیونکہ عوام جو فیصلہ کرتے ہیں اس کے اثر ان تک پہنچتا ہے، 2008 میں عوام نے جو فیصلہ کیا وہ ان کے سامنے ہے جبکہ 2013 میں جس کے حق میں عوام نے ووٹ دیا آج اس کے اثرات ان کے سامنے ہیں۔

ان کا کہنا تھ اکہ ملک میں خوشحالی میں اضافہ ہوا ہے اور اگر ہماری حکومت رہی تو یہ سفر اور بہتر ہوگا لیکن فیصلہ عوام نے کرنا ہے اور کسی کو حق نہیں کہ وہ اس فیصلے میں مداخلت یا نفی کرسکے کیونکہ اگر جمہوریت کا سفر جاری رہے گا تو پاکستان ترقی کرے گا۔

تربیلا 4 ہائیڈرو منصوبے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ درپیش مسائل چیلنج تھے لیکن ہم نے ان کا مقابلہ کیا اور آج ملک میں اتنی بجلی پیدا کر رہے ہیں جو آئندہ 10 سال کے لیے کافی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے نہ صرف منصوبے شروع کیے بلکہ انہیں مکمل بھی کیا اور تربیلا 4 منصوبے کو عالمی ماہرین کی معاونت سے تیار کیا گیا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت اور نواز شریف نے اس ملک کی معیشت کو استحکام کیا اور آئندہ اگر ہماری حکومت آئی تو ترقی کے اس سفر کو جاری رکھیں گے۔