262

اٹھارویں ترمیم کو چھیڑنے سے افراتفری پھیلے گی ٗ اسفندیار ولی

چارسدہ۔ اے این پی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والوں نے ہمیشہ قوم کو دھوکہ دیا ہے اور سینٹ الیکشن میں بھی ایک مذہبی رہنماء کے ساتھ دغا بازی کی اور اُنہیں سینٹ الیکشن میں ووٹ نہ دیکر ہرا دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ا گر اٹھارویں ترمیم کو چھیڑا گیا تو اس سے ملک میں افراتفری پھیلے گی ۔ اُنہوں نے پُر امن پاکستان کو پُر امن افغانستان کے بغیر ناممکن قرار دیا ۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے سرکی ٹیٹارہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اسفندیار ولی خان نے کہا کہ سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ سے عوام میں مایوسی پھیلی ہے انہوں نے کہا کہ ملک کی خارجہ پالیسی تبدیل کرنا وقت کی ضرورت ہے ،ہندوستان اور پاکستان بات چیت کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو مخلصانہ جذبے کے تحت حل کریں۔انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں نیب نے کھلے عام کرپشن پر خاموشی اختیار کررکھی ہے۔

اُنہوں نے نیب سے مطالبہ کیا کہ خیبر پختونخوا میں کی گئی کرپشن کا نوٹس لیکر حکمران جماعت کا احتساب کرکے انصاف کا بول بالا کرنے کی طرف قدم اُٹھائے۔ اسفندیار ولی خان نے کہا کہ صوبائی حکومت اگر جامعہ حقانیہ کو فنڈ فراہم کرتی ہے تو دیگر دینی مدارس کا بھی حق بنتا ہے کہ اُن کو فنڈ فراہم کیا جائے۔