258

نواز شریف کا ستر سالہ پالیسیوں کیخلاف بغاوت کا اعلان

بہاولپور۔سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن)کے قائد محمد نوازشریف نے کہاہے کہ ستر سال سے جو کچھ ہورہاہے اس سے بغاوت کرتا ہوں ٗ گھبرانے کی بات نہیں سب ٹھیک ہو جائیگا ٗکہتے ہیں ہمیشہ کیلئے ناہل کرنا ہے، کیا عوام کو منظور ہے؟پاکستان اس وقت تک قابل نہیں بن سکتا جب ہم 70 سالوں کی تاریخ کو نہیں بدلیں گے ٗہمارے آئندہ 70 سال پچھلے 70 سالوں سے بہت بہتر ہونے چاہئیں اور وہ تب بہتر ہوں گے جب ہم اپنا حق مانگیں گے ٗمخالفین نے ہمیشہ ٹانگیں کھینچیں اب ان کی ٹانگیں عوام نے کھینچنی ہیں ٗاپنا حق نہ ملے تو اسے چھین لیں، ہم یہ طے کریں گے کہ اپنے ووٹ کی عزت کرائیں گے، یہ عوام کا مجھ سے وعدہ ہونا چاہیے، نوازشریف وہ وعدہ نہیں کرتا جو پورا نہ کرسکے ٗعوام وعدہ کریں ہم آئندہ کسی کو بھی ووٹ کو پاؤں تلے روندنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔یہاں جمعہ کو جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نوازشریف نے کہاکہ یہ جلسہ نہیں جشن ہے ٗ اس جلسے کو دیکھ کر مخالفین کے ہوش اڑ گئے ہیں یہ تو الیکشن سے پہلے الیکشن ہوگیا۔

ٗ ایسا جلسہ ٗ ایسا سماں میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا ٗ بہاولپور نے اگست 2018ء سے پہلے ہی فیصلہ سنا دیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ بہاولپور میرا دوسرا گھر ہے ٗ بہاولپور میرا اپنا شہر اور ضلع ہے مجھے بہاولپور سے پیار ہے ٗبہاولپورایک نئی تاریخ رقم کررہاہے ۔انہوں نے کہاکہ پانچ سال پہلے کیا ہوتا تھا ٗ بجلی غائب ہوتی تھی ٗ آج فیکٹریاں چل رہی ہیں ٗ آج ٹیوب ویل چل رہے ہیں ہم نے پاکستان کا بہت بڑا مسئلہ حل کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ صرف ٹیوب ویل نہیں چل رہے ہیں بلکہ بجلی بھی سستی مل رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا ہے یہ کوئی معمول نہیں کیا ٗ دہشتگردی کی کمر توڑ کر رکھی ہے ٗ ہم نے کھیتوں سے منڈیوں تک سڑکیں بنائی ہیں انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ نون اور نوازشریف نے بڑے مسائل حل کئے ہیں انہوں نے کہاکہ ہم نے کھاد کوسستا کیا ٗ مہنگائی اور دہشتگرد ی کی کمر توڑ دی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سستی بجلی کے ساتھ غریب طبقہ خوشحال ہورہاہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم نے موٹر ویز اور ہائی ویز بنائے ہیں ٗ بہاولپور والو !صرف دوماہ بعد چھ رویہ سڑک لاہور لیکر جائیگی انہوں نے کہاکہ کسی اور پارٹی نے کبھی کوئی موٹر وے اس ملک میں بنائی ؟سابق وزیر اعظم نے کہاکہ پیپلز پارٹی اور یا پی ٹی آئی میں سے کسی نے ملک میں موٹر وے بنائی ؟۔

کیا پیپلز پارٹی یا کسی اور جماعت نے بجلی گھر بنائے ؟کیا پیپلز پارٹی یا پی ٹی آئی نے ملک میں دہشتگردی ختم کی ؟انہوں نے کہاکہ اس ملک میں کیا کسی اور نے اتنے بجلی کے کارخانے لگائے ہیں ؟انہوں نے کہاکہ میں نے جب بھی کوئی وعدہ کیا اسے پورا کیا ۔انہوں نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ پچھلے چار سالوں میں مخالفین نے کچھ کرنے نہیں دیا، کبھی دھرنے، جلسے جلوس اور کبھی عدالتوں میں گئے ٗ یہ لوگ صرف ٹانگیں کھینچنے والے ہیں ان کی ٹانگیں عوام نے کھینچنی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ شہباز شریف کی جنوبی پنجاب کیلئے خدمات کی کوئی مثال نہیں ملتی ٗ شہباز شریف نے صوبے میں بے مثال خدمت کی ہےٗ جگہ جگہ سکول ٗ سڑکیں بنائی ہیں ہم تو بہاولپور پر قربان ہیں میں بھی قربان ہوں شہباز شریف بھی قربان ہے ۔ سابق وزیر اعظم نے کہاکہ مجھے اس لئے نکالا گیا کہ میں نے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی ۔انہوں نے کہاکہ کیا آپ کو جائز لگتا ہے کہ بیٹے سے تنخواہ نہ لو تو وزیر اعظم کی چھٹی کرادی جائے ۔انہوں نے کہاکہ آپ کومعلوم ہے ناں ٗ میرے ساتھ کیاسلوک کیا گیا ؟میں نے اپنے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی تو مجھے نکال دیا گیا ۔

سابق زیر اعظم نے کہاکہ کیا میری نا اہلی کا فیصلہ آپ کو منظور ہے جس پر کارکنوں نے نا منظور کے نعرے لگائے ۔ انہوں نے کہا کہ کہتے ہیں تم وزارت عظمیٰ سے نااہل ہو، کہتے ہیں ہمیشہ کیلئے ناہل کرنا ہے، کیا عوام کو یہ منظور ہے؟۔میاں نوازشریف نے کہا کہ ملک کے ساتھ 70 سالوں سے ظلم ہوا، ہماری نسلوں کے ساتھ ظلم ہوئے ہیں، ہم نے 70 سالوں میں بہت ٹھوکریں کھائی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ستر سال میں پاکستان کو برباد کر نے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی ٗ میں ستر سال کی پالیسیوں سے بغاوت کا اعلان کرتا ہوں ۔مسلم لیگ (ن) کے قائد کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت تک قابل نہیں بن سکتا جب ہم 70 سالوں کی تاریخ کو نہیں بدلیں گے، آپ کا مستقبل روشن کرنے کے لیے ہر وہ کام کروں گا جو آپ کے مستقبل تابناک کرے، ہمارے آئندہ 70 سال پچھلے 70 سالوں سے بہت بہتر ہونے چاہئیں اور وہ تب بہتر ہوں گے جب ہم اپنا حق مانگیں گے۔انہوں نے کہاکہ اپنا حق نہ ملے تو اسے چھین لیں، ہم یہ طے کریں گے کہ اپنے ووٹ کی عزت کرائیں گے، یہ عوام کا مجھ سے وعدہ ہونا چاہیے، نوازشریف وہ وعدہ نہیں کرتا جو پورا نہ کرسکے، 70 سالوں سے ووٹ پاؤں تلے روندتے رہے ہیں، عوام وعدہ کریں ہم ائندہ کسی کو بھی ووٹ کو پاؤں تلے روندنے کی اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے کہاکہ آئیے ہم طے کریں کہ ہم اپنے ووٹ کی عزت کرائیں گے ۔انہوں نے نو جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ انشاء آپ کو مایوس نہیں کرونگا ٗ انشا ء اللہ آپ کو آپ کا حق دلاؤنگا ۔انہوں نے کہاکہ گھبرانے کی بات نہیں سب ٹھیک ہو جائیگا۔

نوازشریف نے شرکاء سے وعدہ کریں ووٹ کا احترام کراؤ گے ؟ووٹ کو عزت دو گے ؟جس پر کارکنوں نے نوازشریف کے حق میں نعرے لگائے ۔انہوں نے کہاکہ ہم ایسی پالیسی بنارہے ہیں جس میں سب کو اپنے گھر ملیں گے ٗ ان تمام لوگوں کو گھر دینگے جس کے پاس اپنے گھر نہیں ۔انہوں نے کہاکہ ظلم کا خاتمہ کرینگے جو کئی کئی سال چلتا رہتا ہے انہوں نے کہاکہ شہریوں کو ان کی دہلیزپر انصاف ملنے کی پالیسی بنا رہے ہیں انہوں نے کہاکہ وہ پروگرام دونگا جس سے پاکستانیوں کا مستقبل تابناک رہے آپ وعدہ کریں اپنے ووٹ کی عزت اور توقیر کرائیں گے ۔