9

خواتین کے مقابلے میں مردوں میں کینسر سے متاثر ہونیکا خطرہ زیادہ کیوں؟

حالیہ تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ جوان اور معمر افراد میں کینسر کیسز کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

اب ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ مردوں میں کینسر کی 30 اقسام سے متاثر ہونے کا خطرہ بہت زیادہ بڑھ چکا ہے۔

جرنل کینسر میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ عالمی سطح پر مردوں میں کینسر کے کیسز کی تعداد 2022 میں ایک کروڑ 3 لاکھ تھی جو 2050 تک ایک کروڑ 90 لاکھ ہو جائے گی، یعنی 84 فیصد اضافہ ہوجائے گا۔

اسی طرح اموات کی شرح لگ بھگ دوگنا اضافے سے 54 لاکھ سے بڑھ کر ایک کروڑ 5 لاکھ ہونے کا امکان ہے۔

تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ دنیا بھر میں کام کرنے کی عمر کے مردوں میں کینسر کے کیسز اور اموات کی شرح میں 39 فیصد اضافے کا امکان ہے۔

حالیہ تحقیقی رپورٹس میں یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ خواتین کے مقابلے میں مردوں میں کینسر کے کیسز کی شرح 19 فیصد جبکہ اموات کی شرح 43 فیصد زیادہ ہے۔

تحقیق میں 2022 میں کینسر کیسز اور اموات کی شرح کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی اور پھر 2050 تک اس بیماری کے کیسز اور اموات کی شرح کی پیشگوئی کی گئی۔

تحقیق کے مطابق 2050 تک کام کرنے کی عمر کے مردوں میں مثانے کے کینسر اور اموات کی شرح میں سب سے زیادہ اضافہ ہوگا۔

اس عرصے میں مثانے کے کینسر کے کیسز کی شرح میں 50.4 فیصد جبکہ اموات کی شرح میں 52.3 فیصد اضافہ ہوسکتا ہے۔

معمر مردوں میں جِلد کے کینسر کے کیسز اور اموات کی شرح میں سب سے زیادہ اضافے کا امکان ہے۔

ماہرین کے مطابق ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں متوسط اور غریب ممالک میں کینسر کے کیسز کی شرح میں زیادہ اضافے کا امکان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ طبی سروسز تک محدود رسائی، کینسر کی جلد تشخیص اور ادویات کی ناکافی سہولیات کے باعث غریب اور متوسط ممالک کینسر سے زیادہ متاثر ہوں گے۔

مردوں میں کینسر کا خطرہ زیادہ کیوں ہوتا ہے؟

ماہرین نے بتایا کہ مردوں میں کینسر سے متاثر ہونے اور موت کا خطرہ خواتین کے مقابلے میں زیادہ ہونے کی متعدد وجوہات ہیں۔

مثال کے طور پر مردوں کی جانب سے تمباکو نوشی اور الکحل کا استعمال کیے جانے کا امکان خواتین سے زیادہ ہوتا ہے، کام کے دوران کینسر کا شکار ہونے والے کیمیکلز کا سامنا ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے جبکہ وہ ڈاکٹروں کے پاس جانا بھی پسند نہیں کرتے۔

محققین کے مطابق اس سے ہٹ کر بھی مردوں میں کینسر کی شرح خواتین سے زیادہ ہوتی ہے مگر اس بارے میں ابھی کافی کچھ معلوم نہیں ہوسکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ورزش کو معمول بنانے، متوازن غذا اور تمباکو و الکحل سے گریز کرکے مرد کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ کم کر سکتے ہیں۔